19

امریکی پابندیاں بلاجواز ایٹمی پروگرام پرسمجھوتہ نہیں کرینگے،وزیراعظم

اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امریکی پابندیاں بلاجواز ہیں، پاکستان کے جوہری پروگرام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،نیشنل ڈیفنس کمپلیکس اور دیگر اداروں پر پابندیوں کا کوئی جواز نہیں، پاکستان کا دفاعی پروگرام جارحیت کیلئے ہرگز نہیں ہے، ہمارا مقصد اپنا دفاع ہے۔

وزیراعظم نےوفاقی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ چند ماہ سے دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے، چند دن پہلے خوارجیوں کے حملے میں 17 اہلکار شہید ہوئے،کابینہ اجلاس میں شہداء کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے آٹھ خوارج کو جنہم واصل کیا، سپہ سالار خود وہاں گئے اور لواحقین کا حوصلہ بڑھایا، دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے بغیر معاشی استحکام کے ثمرات حاصل نہیں ہوسکتے، دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیاجارہاہے، ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف مذموم کوششیں کامیاب نہیں ہونے دیں گے، اسلام آباد پر چڑھائی کرنے والے پاراچنار کے حالات پر توجہ دیتے۔

وزیراعظم نے کہا کہ وزارت خارجہ نے لگائی جانے والی پابندیوں پر جامع مؤقف دیا ہے، پاکستان کا جوہری پروگرام ملک کے 24 کروڑ عوام کا ہے، جوہری پروگرام پاکستان کے عوام کو عزیز ہے، اس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہوسکتا، پاکستان کے جوہری پروگرام پر پوری قوم یکسو اور متحد ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے ساتھ مذاکرات کیلئے تشکل دی گئی کمیٹی کا ایک اجلاس ہوا ہے، دونوں کمیٹیوں کی دوسری ملاقات دو جنوری کو ہوگی، ہمیں ذاتی پسند کے بجائے قومی مفادات کو مدنظر رکھنا چاہیے، ایسے اقدامات سے ملکی معیشت کا پہیہ رواں دواں رہے گا، امید ہے حکومتی اور پی ٹی آئی کمیٹیوں کی ملاقات مفید رہے گی،انہوں نے کہا کہ پالیسی ریٹ میں مزید دو فیصد کمی کی گئی ہے، مہنگائی کی شرح میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہورہا ہے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں