اسلام آباد(اویس الحق سے)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملائیشیا جاتے ہوئے راستے میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کریں گے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے اپنی ایشیائی دورے کے دوران ایئر فورس ون پر ایک مختصر مگر اہم ملاقات کریں گے۔
یہ ملاقات قطر میں ایندھن بھرنے کے دوران طے پائی ہے جب امریکی صدر ملائیشیا کے لیے روانہ ہوں گے جہاں وہ علاقائی سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وائٹ ہاؤس کے ایک سینئر اہلکار نے بتایا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا طیارہ العدید ایئر بیس پر مختصر وقت کے لیے قیام کرے گا جہاں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی اور وزیراعظم شیخ محمد بن عبدالرحمان آل ثانی طیارے پر سوار ہو کر امریکی صدر سے ملاقات کریں گے۔
20 سے 30 منٹ کی اس ملاقات میں امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو بھی شریک ہوں گے جس میں غزہ کی موجودہ صورت حال اور انسانی امداد کی تقسیم پر بات چیت کریں گے۔
خیال رہے کہ قطر نے غزہ جنگ بندی کے لیے اسرائیل اور حماس کے درمیان ثالثی کا کردار بھی ادا کیا تھا۔
صدر ٹرمپ کے گزشتہ دورِ حکومت میں بھی قطر نے طالبان اور امریکا کے درمیان امن مذاکرات طے کرانے اور فوجیوں کے انخلا میں کلیدی کردار ادا کیا تھا۔