کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) المنہاج سکول بھلاکھر کے سالانہ امتحانات کے نتائج کی تقریب آج بنہ باغ بھلاکھر میں نہایت جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں معززین علاقہ، والدین اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب میں مہمانِ خصوصی ایم پی اے راجہ صغیر احمد، سابق سیکرٹری اسلام آباد ہائی کورٹ بار رضوان شبیر کیانی ایڈووکیٹ، نائب صدر کلر بار ابراہیم بیگ ایڈووکیٹ، سندس عندلیب ایڈووکیٹ اور بانو جہانگیر ایڈووکیٹ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔اس موقع پر ایم پی اے راجہ صغیر احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے شاندار نتائج اساتذہ کی محنت، والدین کی رہنمائی اور بچوں کی لگن کا واضح ثبوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں تعلیم ہی کامیابی کی کنجی ہے اور ہمیں چاہیے کہ نئی نسل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم فراہم کریں۔ انہوں نے پوزیشن ہولڈر طلبہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کے روشن مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔تقریب کے دوران نمایاں کارکردگی دکھانے والے پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات میں انعامات اور اسناد تقسیم کی گئیں۔
مقررین نے طلبہ کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسی جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھی جائے تو یہ بچے مستقبل میں ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔آخر میں سکول انتظامیہ نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھی جائیں گی۔