خیبر: دھماکا خیز مواد کے ذخیرے میں دھماکا، 24 افراد ہلاک, قبائلی ضلع خیبر میں پولیس کے مطابق وادی تیراہ میں ایک کمپاؤنڈ میں رکھا گیا دھماکا خیز مواد پھٹنے کے نتیجے میں کم از کم 24 افراد ہلاک ہو گئے۔ ہلاک شدگان میں 14 مبینہ شدت پسندوں کے علاوہ خواتین اور بچوں سمیت دس عام شہری بھی شامل ہیں۔مقامی پولیس افسر ظفر خان کے مطابق کمپاؤنڈ کو طالبان کمانڈر امان گل اور مسعود خان بطور بم فیکٹری استعمال کر رہے تھے اور حالیہ دنوں میں اس میں اسلحہ ذخیرہ کیا گیا تھا۔ دھماکے سے قریب کی کئی رہائش گاہیں بھی تباہ ہو گئیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ اس شورش زدہ علاقے میں شدت پسند عام شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہے ہیں اور مختلف اضلاع کی مساجد میں بھی ہتھیار چھپائے گئے ہیں۔
