اسلام آباد: پاکستان ٹاؤن فیز 2 میں پلازہ میں سلنڈر دھماکہ، آگ پر قابو

سہالہ(حماد چوہدری) تھانہ لوہی بھیر کی حدود میں واقع پاکستان ٹاؤن فیز 2 میں سلنڈر شاپ میں دھماکہ ہوا، جس کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ دھماکے کے نتیجے میں آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے قریبی دکانوں اور ایک موٹرسائیکل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔علاقے میں فائر بریگیڈ کی سہولت دستیاب نہ ہونے کے باعث آگ پر بروقت قابو نہیں پایا جا سکا اور متعدد دکانیں متاثر ہو گئیں۔ واقعے میں ایک شخص زخمی ہوا جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ تاہم، کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔پولیس اور ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ کر آگ بجھانے کی کارروائی میں مصروف ہیں، جبکہ متاثرہ تاجروں اور شہریوں نے بروقت فائر بریگیڈ نہ پہنچنے پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ یہ لمحہ فکریہ ہے کہ وفاقی دارالحکومت کے مضافاتی علاقوں میں فائر بریگیڈ کی سہولت سیاست کی نذر ہو چکی ہے، جس کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فائر بریگیڈ کو سوہان یا بحریہ ٹاؤن سے بلانا پڑتا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مقامی سطح پر فائر بریگیڈ کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ بڑے نقصانات سے بچا جا سکے۔