اسلام آباد(اویس الحق سے)وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فوڈ اتھارٹی کی جانب سے ایک بڑا چھاپا مارا گیا جس میں بہت بڑی تعداد میں گدھے کا گوشت برآمد کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ترنول کے مقام پر جو گزشتہ چند سالوں سے یہاں کے رہائشیوں اور باہر سے آنے والے لوگوں کےلئے کھانے پینے سے متعلق ایک فوڈ ہب بن گیا ہے، پچاس سے زائد گدھے اور بڑی مقدار میں گوشت برآمد کر لیا گیا۔اسلام آباد فوڈ اتھارٹی کو اطلاع دی گئی کہ ترنول کے مقام پر گدھے کا گوشت بیچا جا رہا ہے جو ناصرف ترنول بلکہ اسلام آباد سمیت دیگر علاقوں کو فروخت کیا جائیگا جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر اسلام آباد فوڈ اتھارٹی ڈاکٹر طاہرہ صدیق نے فوری ایکشن لیتے ہوئے اپنی ٹیم کے ہمراہ چھاپا مارا اور موقع پر 25 من سے زائد گوشت برآمد کرتے ہوئے اپنی تحویل میں لے لیا اور ان کے خلاف ایف،آئی،آر دے دی۔ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی اور ٹیم کی جانب سے گوشت کو تلف کرنے کا سلسلہ شروع کر دیا گیا، یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس موقع پر ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ اتھارٹی نے ایک غیر ملکی شہری کو بھی موقع سے پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس کی جانب سے تفتیش کا دائرہ بھی بڑھا دیا گیا۔فوڈ اتھارٹی کے عملے نے گوشت کو غیر ملکی سمیت مقامی لوگوں کے کھانے کے لیے استعمال کرنے کی تحقیقات شروع کر دی۔اس موقع پر فوڈ اتھارٹی اسلام آباد نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ آئندہ وہ باہر کھانے پینے سے گریز کریں اور کھانا اپنے گھروں میں کھانے کو ترجیح دیں تاکہ ایسے واقعات سے بچا جا سکے۔
