اسلام آباد / راولپنڈی سیلابی صورتحال کے پیشِ نظر ریسکیو ادارے ہائی الرٹ

راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) اسلام آباد اور راولپنڈی میں جاری مون سون بارشوں کے باعث ریسکیو 1122 راولپنڈی کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے ہیں۔

ریسکیو 1122 کے اہلکار نالہ لئی کے اطراف، کٹاریاں، گوالمنڈی اور دیگر نشیبی علاقوں میں تعینات کر دیے گئے ہیں، جہاں وہ مسلسل نگرانی اور ہنگامی صورتِ حال سے نمٹنے کے لیے اپنی ڈیوٹی سر انجام دے رہے ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق، مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہے۔ ترجمان ریسکیو نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ:

  • والدین دورانِ بارش بچوں کو نالہ لئی، کھلے نالوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب نہ جانے دیں۔
  • بارش کے دوران گاڑیاں دھیمی رفتار سے چلائیں تاکہ حادثات سے بچا جا سکے۔
  • اربن فلڈنگ یا پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہو جائیں۔
  • خستہ حال اور کمزور چھتوں کے نیچے قیام نہ کریں۔
  • ندی نالوں کو عبور کرنے سے مکمل پرہیز کریں۔
  • شدید بارشوں اور بادل پھٹنے کے خطرات کے پیش نظر سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

ریسکیو 1122 نے کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری طور پر ہیلپ لائن 1122 پر اطلاع دینے کی اپیل کی ہے تاکہ بروقت امداد فراہم کی جا سکے۔مزید برآں، ریسکیو 1122 کی ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گی اور کسی بھی ممکنہ خطرے سے نمٹنے کے لیے مکمل تیاری میں ہیں۔