اسلام آباد: ایک اور صحافی ڈکیتی کا نشانہ، پولیس ہیلپ لائن 15 کا رسپانس صفر

اسلام آباد (حماد چوہدری)ملک میں صحافیوں کے خلاف جرائم کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا۔ تازہ واقعہ میں یو پی آر (United Press Reporters) سے وابستہ نوجوان صحافی بلال چوہدری کو آج شام ڈاکٹر عبدالقدیر خان روڈ، کھنہ پل کے قریب اے ٹی ایم سے رقم نکالنے کے بعد ڈکیتی کا نشانہ بنایا گیا۔report

تفصیلات کے مطابق، بلال چوہدری — جن کے والد بھی ایک سینئر صحافی ہیں — جب اے ٹی ایم سے رقم لے کر باہر نکلے تو موٹر سائیکل سوار دو مسلح افراد نے انہیں روک کر اسلحہ کی نوک پر ان سے نقدی اور تقریباً ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کا موبائل فون چھین لیا۔متاثرہ صحافی اور ان کے بھائی رضا چوہدری (رابطہ نمبر: 0331-5158284) مسلسل پولیس ہیلپ لائن 15 پر کالز کرتے رہے لیکن ایک گھنٹہ گزرنے کے باوجود پولیس کی جانب سے کوئی رسپانس نہیں دیا گیا۔

۔ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں صحافیوں کے خلاف ڈکیتی، تشدد اور ہراسانی کے واقعات میں خطرناک حد تک اضافہ ہو رہا ہے جبکہ پولیس کا کردار بدستور غفلت اور بے حسی پر مبنی ہے۔صحافتی حلقوں اور شہریوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اعلیٰ حکام سے فوری نوٹس لینے، مجرموں کی گرفتاری اور پولیس کے غیر ذمہ دارانہ رویے کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔