اسلام آباد ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی ایئرلائن کا طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک سنگین حادثے سے بال بال بچ گیا، جس کی وجہ ایئرٹریفک کنٹرولر کی بروقت مداخلت بنی۔ ذرائع کے مطابق سعودی ایئرلائن کی پرواز نمبر 728، جو جدہ سے اسلام آباد پہنچ رہی تھی، اس کے پائلٹ نے لینڈنگ کے دوران غلط رن وے منتخب کر لیا تھا۔
اسلام آباد ایئرپورٹ کے رن وے 28 لیفٹ کو مرمت کے لیے بند کیا گیا تھا، جبکہ رن وے 28 رائٹ کھلا ہوا تھا۔ ذرائع کے مطابق، سعودی ایئرلائن کے پائلٹ نے رن وے 28 لیفٹ کی طرف لینڈنگ کی کوشش کی، حالانکہ اس رن وے پر اس وقت بڑی تعداد میں گاڑیاں اور لوگ موجود تھے۔
ایئرٹریفک کنٹرولر نے فوراً پائلٹ کو غلط رن وے پر ہونے کی اطلاع دی، مگر پائلٹ آخر وقت تک یہ دعویٰ کرتا رہا کہ وہ درست رن وے پر ہے۔ کنٹرول ٹاور پر موجود ایئرٹریفک کنٹرولر نے بروقت فیصلہ لیتے ہوئے طیارے کو لینڈنگ سے روک کر دوبارہ چکر لگانے کی ہدایت دی۔
دوسری کوشش میں سعودی ایئرلائن کے بوئنگ 777 طیارے نے کامیابی سے رن وے 28 رائٹ پر لینڈ کیا، اور اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اگر طیارہ غلط رن وے پر لینڈ کرتا تو یہ ایک سنگین حادثے کا سبب بن سکتا تھا، کیونکہ اس وقت رن وے پر لوگوں اور گاڑیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔
پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی (پی اے اے) نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ پی اے اے کے ترجمان نے اس حادثے سے بچاؤ میں ایئرٹریفک کنٹرولر کے پیشہ ورانہ اقدامات کو سراہا اور کہا کہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے مزید احتیاطی تدابیر کو یقینی بنایا جائے گا۔