اسلامی ممالک نے مشترکہ موقف اختیار کیاجو ایک مثبت پیش رفت ہے عرب اسلامی سربراہی اجلاس کا مشترکہ اعلامیہ.

اسلام آباد(اویس الحق سے)دوحہ میں ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس کے مشترکہ اعلامیے میں تمام ریاستوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیل کے اقدامات کو جاری رکھنے سے روکنے کے لیے تمام ممکن قانونی اور موثر اقدامات اٹھائیں،جن میں سفارتی اور اقتصادی تعلقات پر نظرثانی کرنا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی شروع کرنا شامل ہے۔

اس موقعے پر مسلم ممالک کے سربراہان نے کہا ہے کہ اسرائیل نے تمام ریڈلائنز عبور کر لی ہیں، اسرائیل کو جوابدہ ٹھہرانا ہوگا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں اسرائیلی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی توسیعی منصوبوں کو روکنے کے لیے ایک ٹاسک فورس قائم کی جائے، انسانیت کے خلاف جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا، دوسری جانب اقوامِ متحدہ کے ہیومن رائٹس انکوائری کمیشن نے غزہ میں اسرائیلی حملوں کو نسل کشی قرار دے دیا، جب کہ اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو نے ایک بار پھر دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیل حماس کے رہنماؤں پر حملے جاری رکھے گا چاہے وہ کہیں بھی ہوں۔

دوحہ میں خلیج تعاون کونسل کا ایک غیر معمولی اجلاس منعقد ہوا، جس میں مشرق وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی ہوئی صورت حال، خصوصاً اسرائیلی جارحیت کے خلاف ایک مربوط اور اجتماعی موقف اختیار کرنے پر غور کیا گیا۔ خلیج تعاون کونسل کی سپریم کونسل نے اس اجلاس کے دوران اپنی دفاعی کونسل کو واضح ہدایات جاری کیں کہ مشترکہ دفاعی نظام اور خطے کی مزاحمتی صلاحیتوں کو فعال کرنے کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

اس موقعے پر کہا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے قطر کو نشانہ بنانا نہ صرف خود قطر کی سلامتی کے لیے بلکہ پوری خلیجی اور عرب دنیا کے امن و استحکام کے لیے ایک براہ راست خطرہ ہے۔ یہ بات واضح ہے کہ مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی محض فریقین کے مابین تنازعہ نہیں رہا، بلکہ اب یہ عالمی طاقتوں کی رسہ کشی، مفادات کی جنگ اور مذہبی، تہذیبی اور سیاسی اثرورسوخ کے پھیلاؤ کا اکھاڑہ بنتا جا رہا ہے۔

دوحہ میں منعقد ہونے والا ہنگامی عرب اسلامی سربراہی اجلاس بھی اسی سلسلے کی ایک کڑی تھا، جس میں مسلم دنیا کے سربراہان مملکت نے یک زبان ہو کر اسرائیلی جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور اسے تمام بین الاقوامی، انسانی اور اخلاقی حدوں کو پار کرنے کے مترادف قرار دیا۔ شرکائے اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ اسرائیل نے جس انداز سے غزہ پر حملے کیے، اسپتالوں، اسکولوں، رہائشی علاقوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا، وہ صرف جنگی جرائم نہیں بلکہ انسانیت کے خلاف سنگین مظالم ہیں۔ یہ وہ مرحلہ ہے جہاں مسلم دنیا کے اتحاد، سنجیدگی اور عملی اقدامات کا حقیقی امتحان شروع ہوتا ہے۔

امیر قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نہایت مدلل اور دوٹوک انداز میں اس حقیقت کی نشان دہی کی کہ ’’ گریٹر اسرائیل‘‘ کا نظریہ دراصل مشرق وسطیٰ میں مستقل عدم استحکام، تشدد اور کشیدگی کا ایندھن ہے۔ ان کا کہنا بالکل درست ہے کہ اسرائیل کی موجودہ جارحانہ پالیسیاں کسی محدود فوجی مقصد کے لیے نہیں، بلکہ پورے خطے کو عدم استحکام کی جانب دھکیلنے کے لیے ترتیب دی گئی ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نہ صرف غزہ میں جاری مذاکرات کو سبوتاژ کرنا ہے بلکہ ہر اس کوشش کو ناکام بنانا ہے جو فلسطینی عوام کے جائز اور تاریخی حقوق کے حصول کی طرف جاتی ہو۔

وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے اجلاس میں اپنی تقریر کے دوران عالمی برادری، خصوصاً اقوام متحدہ کو جھنجھوڑنے کی کوشش کی۔ انھوں نے تجویز دی کہ اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کی جائے، تاکہ اسے بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزیوں کا عملی جواب دیا جا سکے۔ ان کی جانب سے اسرائیل کے توسیعی منصوبوں کو روکنے کے لیے ایک ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز نہایت بروقت اور قابل عمل ہے۔

پاکستان کی یہ پالیسی کہ وہ فلسطین کے معاملے پر قطر سمیت تمام عرب اور اسلامی ممالک کے ساتھ کھڑا ہے، ایک مضبوط اور باعزت سفارتی موقف کی عکاسی کرتی ہے۔ وزیراعظم نے اس امر پر بھی زور دیا کہ اسرائیل کو بین الاقوامی عدالت میں انسانیت کے خلاف جرائم پر جوابدہ ٹھہرایا جائے اور عالمی برادری کو اس ظلم کے خلاف اپنی خاموشی ترک کرنی چاہیے، کیونکہ خاموشی مجرمانہ غفلت کے مترادف ہے۔

یہ بات عیاں ہے کہ اقوام متحدہ، سلامتی کونسل اور بین الاقوامی ادارے ناکام ہو چکے ہیں یا پھر جانبداری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ایسے میں اگر مسلم دنیا، خصوصاً خلیج کے دولت مند اور عسکری طور پر مستحکم ممالک بھی عملی ردعمل سے گریز کرتے رہے تو اسرائیل مزید جارحیت کر سکتا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ صرف ’’ ہمیں افسوس ہے‘‘ یا ’’ ہم سخت مذمت کرتے ہیں‘‘ جیسے روایتی جملوں سے نکل کر ایک مضبوط، مربوط، قانونی اور عملی حکمت عملی اپنائی جائے۔

دوحہ اجلاس کی خاص بات یہ رہی کہ اسلامی ممالک نے مشترکہ موقف اختیار کیا، جو ایک مثبت پیش رفت ہے۔ تاہم، اس کا امتحان تب ہو گا جب ان بیانات کو عملی اقدامات میں بدلا جائے گا۔ عرب لیگ، او آئی سی اور جی سی سی جیسے پلیٹ فارمز کو چاہیے کہ وہ عالمی عدالت انصاف میں اسرائیلی جارحیت پر مقدمات دائر کریں، اسرائیل کے ساتھ تعلقات رکھنے والے ممالک پر دباؤ ڈالیں اور فلسطینی عوام کے حق میں ایک عالمی سفارتی مہم کا آغاز کریں۔

مغربی میڈیا کا بڑا حصہ یا تو اسرائیلی بیانیے کو فروغ دے رہا ہے یا پھر فلسطینیوں کے قتل عام پر خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے۔ایسے میں مسلم ممالک کے میڈیا کو چاہیے کہ وہ ایک متبادل بیانیہ تشکیل دے، اور دنیا کے سامنے اسرائیلی مظالم کی حقیقت کو بے نقاب کرے۔