کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں عوامی شکایات پر اسسٹنٹ کمشنر شبانہ نذیر کا بڑا اقدام۔ایم سی کلر سیداں میں متعدد انسپکٹروں کے تقرر و تبادلے۔ اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر نے عوامی شکایات پر فوری نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمیٹی کلر سیداں میں تعینات انسپکٹروں کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس اقدام کا مقصد بلدیاتی امور میں شفافیت اور کارکردگی کو بہتر بنانا بتایا جا رہا ہے۔ذرائع کے مطابق جاری کردہ احکامات کے تحت اہم تبدیلیاں درج ذیل ہیں۔انسپکٹر عبدالرحمان سے یوسی درکالی معموری کی رجسٹریشن کا چارج واپس لے لیا گیا ہے اور یہ ذمہ داری انسپکٹر زائد حسین کے سپرد کر دی گئی ہے۔ زائد حسین کو ایم سی کلر سیداں کی رجسٹریشن کا اضافی چارج بھی دیا گیا ہے۔عبدالرحمان سے انکروچمنٹ انسپکٹر کا اضافی چارج بھی واپس لے کر یہ ذمہ داری قاضی ارشد محمود کے حوالے کر دی گئی ہے۔عمران مظہر کو رجسٹریشن برانچ سے تبدیل کر کے بطور بلڈنگز کلرک تعینات کیا گیا ہے۔دریں اثنا، انعام مصطفی، جن کا تبادلہ حال ہی میں چناب نگر (چنیوٹ) سے ہوا تھا، نے بطور بلڈنگز انسپکٹر ایم سی کلر سیداں میں اپنی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔
