مظفرآباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کی سیاست میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات سے قبل بڑی سیاسی تبدیلیاں سامنے آنے لگی ہیں۔ سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس کے پیپلز پارٹی میں شامل ہونے کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ ذرائع کے مطابق صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری بھی 28 تاریخ کو صدر پاکستان اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے ملاقات کے بعد پیپلز پارٹی میں تیسری بار شمولیت کا اعلان کریں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بیرسٹر سلطان محمود کے ہمراہ 11 ممبران اسمبلی بھی پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق انتخابات سے قبل سیاسی رہنماؤں کی پارٹیاں تبدیل کرنے کی یہ لہر نئی حکومت سازی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ آزاد کشمیر کی سیاسی فضاؤں میں ان دنوں سیاسی پنچھیوں کی نئی پناہ گاہوں کی تلاش موضوع بحث بنی ہوئی ہے۔