مظفرآباد (حذیفہ اشرف) آزاد کشمیر کی سیاست میں بڑی پیش رفت، پیپلز پارٹی نے وزیراعظم آزاد کشمیر کے لیے چوہدری یاسین کو اپنا امیدوار نامزد کر دیا۔پارٹی ذرائع کے مطابق، پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے مشاورت کے بعد فیصلہ کیا کہ چوہدری یاسین آئندہ حکومت سازی کے عمل میں پارٹی کی نمائندگی کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے موجودہ وزیراعظم آزاد کشمیر کو مستعفی ہونے کا پیغام بھی بھیجا گیا ہے۔ انہیں 28 اکتوبر تک کا وقت دیا گیا کہ وہ عہدہ چھوڑ دیں، کیونکہ پارٹی کے مطابق وہ اسمبلی کا اعتماد کھو چکے ہیں۔یہ پیغام وزیر اعظم کے ایک قریبی دوست کے ذریعے پہنچایا گیا، جس میں واضح طور پر کہا گیا کہ پارٹی کے پاس عدم اعتماد کے لیے درکار اراکین کی مکمل حمایت حاصل ہے، اور اکثریت کا اعتماد ختم ہونے کے باوجود عہدے پر برقرار رہنا “ہٹ دھرمی” کے مترادف ہے۔
ذرائع نے مزید بتایا کہ پیپلز پارٹی کے صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود اپنے عہدے پر برقرار رہیں گے اور وہ اپنی آئینی مدت پوری کریں گے۔علاوہ ازیں، ذرائع کے مطابق بیرسٹر سلطان محمود کے حمایتی گروپ نے پیپلز پارٹی میں باضابطہ شمولیت اختیار کر لی ہے۔ اس گروپ کے پانچ اراکین قانون ساز اسمبلی کا حصہ ہیں، اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ انہیں آئندہ کابینہ میں بھی شامل کیا جائے گا۔آزاد کشمیر کی سیاست میں اس فیصلے کو نئی صف بندی اور ممکنہ تبدیلیوں کی شروعات قرار دیا جا رہا ہے۔