راولپنڈی(اویس الحق سے) آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی ہدایت پر کمانڈنٹ پولیس کالج سہالہ ڈی آئی جی اشفاق احمد خان نے مری کا دورہ کیا۔ ان کے دورے کا مقصد ضلع مری میں پولیس سروسز، عوامی سہولیات اور دفاتر کی کارکردگی کا جائزہ لینا تھا۔ڈی آئی جی اشفاق احمد خان کے مری پہنچنے پر ڈی پی او مری آصف امین اعوان ہمراہ چیف ٹریفک آفیسر مری وسیم اختر نے ان کا استقبال کیا۔
دورے کے دوران ڈی آئی جی اشفاق احمد خان نے ڈی پی او آفس مری، لائسنس برانچ، سپس پولیس اسٹیشن مری، خدمت مرکز اور ایس ڈی پی او آفس کا تفصیلی معائنہ کیا۔ انہوں نے ہر شعبے میں عوام کو دی جانے والی سہولیات، عملے کے رویے، دفاتر کی حالت اور سروس ڈیلیوری کے معیار کا باریک بینی سے جائزہ لیا۔
ڈی آئی جی اشفاق احمد خان نے پولیس آفسران کو ہدایت دی کہ عوامی خدمت کو اولین ترجیح بنائیں،پولیسنگ کے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں اور شفاف و موثر سروس مہیا کریں آئی جی پنجاب کی واضح ہدایت ہے کہ عوام دوست پولیسنگ کو فروغ دیا جائے اور ہر شہری کو عزت، سہولت اور فوری انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔