کلر سیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ)کلر سیداں کی صحافتی تاریخ میں پہلی پار یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کلر سیداں پریس کلب کے نومنتخب صحافیوں کی حلف برداری تقریب نومنتخب صدر شیخ قمر السلام اور اکرام الحق قریشی کی زیر صدارت کلر سیداں کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔تقریب میں مقامی سیاسی رہنماؤں کے علاوہ اسلام آباد کے سینئر صحافیوں نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں سینئر جنرنلسٹ راجہ عبدالوحید جنجوعہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور کی صحافت کھٹن مراحل سے گزر رہی ہے۔آزادی صحافت کو دبانے کیلئے مختلف ہتھکنڈے استعمال کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میڈیا نے عمران خان کو زیرو سے ہیرو بنایا اور پرموٹ کر کے انہیں وزیر اعظم کے منصب پر فائز کر دیا مگر انہوں نے الیکشن سے قبل جو میڈیا اور عوام سے وعدے کئے تھے ان میں سے ایک وعدہ بھی پورا نہ ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ صحافیوں کے نچلے طبقے کو دبانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور نوکریوں سے فارغ کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض صحافتی تنظیمیں میر جعفر اور میر صادق کا کردار ادا کر رہی ہیں۔سردار ممتاز انقلابی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اینکرز کو ہی میڈیا تصور کرتی ہے اور انہی کو ہی صحافی سمجھتی ہے جبکہ نچلے طبقے کے صحافیوں کو دبانے کی کوشش کی جاتی ہے اور میڈیا ہاؤس سے فارغ کردینے کی دھمکیاں دی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ آمروں کے دور میں اگر صحافیوں نے کوڑے کھائے اور جیلیں کاٹی ہیں تو آج بھی صحافی جیل جانے اور کوڑے کھانے کو تیار ہیں۔ ہم اپنا حق لینے کیلئے اپنے صحافی برادری کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔پاکستان فاؤنڈیشن یونین آف جنرنلسٹ کے سینئر صحافی چوہدری مظہر اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا میں آج ایسی سر زمین پر کھڑا ہوں جہاں ہر گھر سے فوجی پیدا ہوتا ہے۔پوٹھوہار کی مٹی سے خوشبو آتی ہے کیوں کہ اس خوشبو میں شہیدوں کا خون شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض لوگ صحافت کا لبادہ اوڑھ کر بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے پاک فوج کو بدنام کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ جنگ ہو یادہشت گردی یا پھر زلزلہ جیسے حالات سے باخبر رکھنے والے صحافیوں کو اپنے معاشی حالات کی فکر نہیں ہوتی۔ہمیں معاوضہ کے نام پر کچھ نہیں دیا جاتاکھرپتی میڈیا مالکان کو ہمیں دینے کیلئے کچھ نہیں۔ہمارے بچوں کے فیڈر خالی ہیں ہمیں انصاف چاہئے۔نیشنل پریس کلب کی نائب صدر ڈاکٹر سعدیہ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا میں صحافیوں کی خدمات قابل تحسین ہیں مگر موجودہ حکومت صحافیوں کو معاشی ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں قائد کے فرمان کو اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کلر سیداں پریس کلب کے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے اخلاق پر مبنی صحافت کو پروان چڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ چیئرمین بلدیہ شیخ عبدالقدوس نے کہا ہے جس طرح کلر سیداں کی میڈیا اپنے پیشے میں مخلص ہو کر مثبت کردار ادا کر رہی ہے اس طرح کی مثال بہت کم جگہ پر دیکھی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی شعبے میں ان کے پیش رو اہمیت رکھتے ہیں اور وہ ایسی مثالیں چھوڑ جاتے ہیں آنے والے صحافیوں کیلئے مشعل راہ کا درجہ رکھتی ہیں۔ انہوں نے کلر سیداں کے با با صحافت راجہ محمد عجائب (مرحوم) اور اکرام الحق قریشی کے صحافتی خدمت کی تعریف کی اور کہا انہوں نے صحافتی میدان میں ایسی مثالیں چھوڑی ہیں کہ کلر سیداں کے صحافیوں کو کسی اور کی رہنمائی کی ضرورت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیش روؤں کی تقلید ہی اصل کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ صحافت ایک پیشہ ہی نہیں یہ ایک ذمہ داری کا بھی نام ہے۔انصاف کا سفر ایک اخبار نویس سے شروع ہو کر اعلی عدالت تک پہنچتا ہے۔حقائق کو مسخ کر کے بیان کرنا صحافتی شعبہ کی توہین ہے۔تضحیک میں اپنی عزت کا پہلوؤں ڈھونڈے والے صحافیوں کی معاشرے میں کوئی عزت نہیں ہوتی۔حافظ ملک سہیل اشرف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن پاکستانی مسلح افواج نے دشمن کے ارادوں کو خاک میں ملا دیا۔انہوں نے کہا کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کو میلی آنکھ سے دیکھا تو غیور عوام ان کے سامنے سیسہ پلائی دیورا ثابت ہوئی۔پاکستان آج بھی قائم ہے اور انشاء اللہ قیامت تک قائم و دائم رہے گا۔تقریب سے عاطف اعجاز بٹ اور وقار بابر مغل نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پرسردار ممتاز انقلابی نے کلر سیداں پریس کلب کے نو منتخب عہدیداروں سے حلف لیا گیا۔تقریب میں پوٹھوہار لنک کے چیف ایگزیکٹو وقار بابر مغل، چیف آفیسر کلر سیداں صاحبزادہ عمران اختر، ارکان بلدیہ چوہدری اخلاق حسین،راجہ ظفر محمود،چیئرمین یوسی بھلاکھر راجہ صفدر کیانی، سابق نائب ناظم راجہ عبدالمجید،شیخ خورشید احمد،جنرل سیکرٹری بار ایسوسی ایشن بانو جہانگیر راجہ،سید سیماب حیدر شاہ و دیگر بھی موجود تھے۔
247