520

گکھڑ فیڈریشن کے زیر اہتمام کنونشن کا انعقاد

شہباز رشید چوہدری/برصغیر کی تاریخ کا بغور مطالعہ کیا جائے تو گکھڑ قوم کی جنگ و جدل اور بہادری کی کئی مثالیں موجود ہیں اور خطہ پوٹھوار تو اس قوم کی ساڑھے سات سو سالہ طویل دور حکومت کا گواہ ہے۔پوٹھوار میں کئی سو سال گزرنے کے باوجود آج بھی اس بہادر اور جنگجو قبیلے کی یادگاریں موجود ہیں جن میں قلعہ پھروالہ اور روات کا تاریخی قلعہ ہے جو فاتح کشمیر سلطان سارنگ کی یادگار ہے آج بھی اگر آپ قلعہ روات کے اندر داخل ہوں تو اس کی ہر اک دیوار فاتح کشمیر کی بہادری اور شجاعت کی گواہ ہے جس نے شیر شاہ سوری سے جنگ کر کے اپنی جان تو گنوا دی مگر دوسری جانب مغلوں سے دوستی کی ایک لازوال داستان رقم کر دی۔

یہ گکھڑ ہی تھے جن کے عربی اور ایرانی نسل کے گھوڑوں کی ٹاپ سے دہلی کے در و دیوار اور کابل کی سر زمین کانپ اٹھتی تھی انھیں گکھڑوں نے مرہٹوں اور تاتاریوں کو عبرت ناک شکست سے دوچار کیا۔اس کے علاوہ ضلع جہلم میں واقع مشہور قلعہ روہتاس بھی اس غیور قبیلے کی بہادری کا پتہ دیتا ہے۔وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ قبیلہ بھی دیگر کئی قبیلوں کی مانند بکھر گیا اور اس کے لوگ معاملات زندگی میں مصروف ہو کر کہیں کھو سے گئے۔پھر کئی سو سال کے بعد گکھڑ قبیلے کے با اثر زعما کو اپنے قبیلے کے دیگر لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے اور انکی فلاح و بہبود کا خیال آیا اور اس مقصد کے لیے انہوں نے آل پاکستان گکھڑ فیڈریشن کی بنیاد رکھی

جس میں اس قبیلے سے تعلق رکھنے والی ملک پاکستان کی کچھ نامور شخصیات بھی نہ صرف شامل ہیں بلکہ اس فیڈریشن کی پہچان بھی ہیں ان نامور شخصیات میں سابق بیوروکریٹ اور سابق چیف الیکشن کمشنر راجہ غیاث الدین بلبن‘عبداسلام کیانی‘کرنل ر راجہ نوشاد کیانی‘راجہ انعام کیانی‘ نوابزادہ فیض سلطان کیانی اور راجہ محمد اختر بگیال کیانی کے نام سر فہرست ہیں۔اپنے قبیلے کے لوگوں سے محبت اور اپنے آباو اجداد پر فخر ایک فطری امر ہے اسی محبت کے جزبے نے اس قوم کو ایک مرتبہ پھر اکٹھے ہونے پر مجبور کر دیا اور گکھڑ فیڈریشن کا قیام عمل میں لایا گیا گزشتہ روز بھی اس تنظیم کے پلیٹ فارم سے فیڈریشن کے سرپرست اعلی راجہ محمد اختر بگیال کی زیر صدارت ساگری کے مقام پر ایک منی کنونشن کا انعقاد کیا گیا

جس میں پاکستان کے مختلف شہروں سے عمائدین نے شرکت کی اور گکھڑ قبیلے سے اپنی والہانہ عقیدت اور محبت کا ثبوت دیا تقریب سے خطاب کرتے ہوے سابق الیکشن کمشنر راجہ غیاث الدین بلبن کیانی نے کہا کہ ہم ایک بہادر قوم اور قبائلی ہیں ہماری تاریخ بہادری کی مثالوں سے بھری پڑی ہے ہمارا نعرہ باوقار گکھڑ اور سر بلند گکھڑ ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کرنل ر اجہ نوشاد کیانی نے کہا کہ ہم نے اپنے قبیلے کے پسماندہ لوگوں کی بحالی کی خاطر اس فیڈریشن کی بنیاد رکھی اور ہمارا مشن اپنے قبیلے کے نادار بچوں کو تعلیم یافتہ اور گکھڑوں کی عزت نفس کو باوقار بنانا ہے۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے راجہ عبدالسلام کیانی نے کہا کہ ہم نے اپنے آباو اجداد کی قربانیوں اور نشانیوں کو زندہ رکھنے کی خاطر قلعہ پھروالہ اور قلعہ روات کی بحالی کا بیڑہ اٹھایا اور تین کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کروائی۔اس موقع پر پاکستان تحریک انصاف پوٹھوار ٹاو¿ن کے صدر اور معروف پوٹھواری شاعر راجہ عبدالوحید قاسم نے اپنی شمولیت کا اعلان کیا

اور ہر ممکن تعاون کا عندیہ دیا۔انعام کیانی نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ فیڈریشن اس قبیلے کے غریب اور نادار لوگوں کی فلاح کا مقصد لے کر شروع کی گئی ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرپرست اعلی اور علاقہ کی معروف سماجی شخصیت راجہ محمد اختر بگیال نے کہا ہے کہ اس فیڈریشن کے پلیٹ فارم سے ہم اپنے قبیلے کے پسماندہ لوگوں کا سہارا بنیں گے اور انکی ترقی و خوشحالی کے لیے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ بنیادی طور پر تو یہ تنظیم گکھڑوں کی بحالی اور ترقی کے لیے بنائی گئی ہے تاہم مستقبل میں ہم اس کا دائرہ کار وسیع کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ معاشرہ کے دیگر ضرور ت مند بھی اس پلیٹ فارم سے استفادہ حاصل کرسکیں تقریب میں اس کے علاوہ راجہ شفیق کیانی‘راجہ آصف کیانی‘لمبردار راجہ طارق کیانی‘راجہ عمران کیانی آف ڈومیلی‘راجہ فیصل کیانی‘راجہ کامران کیانی‘راجہ عمران کیانی‘ عطف جبار کیانی‘ محمد امین کیانی‘کاشف کیانی اور دیگر نے خصوصی شرکت کی۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں