کلر سیداں ( نمائندہ پنڈی پوسٹ)گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلرسیداں نمبر 2 شدید مسائل کا شکار۔تفصیلات کے مطابق کلرسیداں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کلرسیداں نمبر 2 بنیادی سہولیات کی کمی کے باعث سنگین مسائل سے دوچار ہے۔ سکول میں کلاس رومز کی شدید قلت ہے جبکہ نہ تو سائنس لیب موجود ہے اور نہ ہی مناسب فرنیچر دستیاب ہے۔
اساتذہ کے لیے سٹاف روم تک میسر نہیں، جس کے باعث تدریسی امور شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ سکول میں کلرک اور کلاس فور کی آسامیاں بھی خالی ہیں، جس کی وجہ سے انتظامی معاملات میں مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ طلبہ و طالبات کی تعداد میں مسلسل اضافے کے باعث موجودہ کلاس رومز ناکافی ہو چکے ہیں۔صوبائی حکومت کی جانب سے ہائی کلاسز کے لیے دو کمروں کی تعمیر کی غرض سے 25 لاکھ روپے کی گرانٹ جاری کی گئی تھی، تاہم اس رقم سے بمشکل دیواریں ہی تعمیر ہو سکیں۔
فنڈز ختم ہونے کے باعث تعمیراتی کام ادھورا رہ گیا، جس پر سکول انتظامیہ اور اساتذہ نے اپنی مدد آپ کے تحت مخیر حضرات سے تعاون کی اپیل شروع کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سکول میں سائنس لیب کی سہولت موجود نہیں جبکہ فرنیچر خستہ حالی کا شکار ہو چکا ہے۔ سٹاف روم نہ ہونے کے باعث اساتذہ کو وقفے کے دوران شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ادھر عوامی و سماجی حلقوں نے ایم پی اے راجہ صغیر احمد سے مطالبہ کیا ہے کہ دو اضافی کلاس رومز کی تعمیر کے لیے فوری طور پر مزید فنڈز جاری کیے جائیں اور سکول میں موجود تمام خالی آسامیوں کو پر کیا جائے تاکہ تعلیمی ماحول بہتر بنایا جا سکے۔