گوجرخان: مختلف علاقوں میں پولیس کی مؤثر کارروائیاں، جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مقدمات درج، متعدد ملزمان گرفتار

گوجرخان اور اس کے نواحی علاقوں میں پولیس نے جرائم کے خلاف بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے قمار بازی، ڈکیتی، اغواء، منشیات، پتنگ بازی اور قتل سمیت مختلف سنگین جرائم میں ملوث افراد کے خلاف مقدمات درج کر کے گرفتاریاں عمل میں لائیں۔

تفصیلات کے مطابق رتالہ، قاضیاں کے علاقے میں پولیس نے اصیل مرغوں کی لڑائی پر قمار بازی کی اطلاع پر چھاپہ مار کارروائی کی، جس دوران 03 جواریوں کو گرفتار کر کے ان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

دوسری جانب سوئی چیمیاں میں مسلح ڈاکوؤں نے گن پوائنٹ پر محمد وسیم سکنہ کنوہا، کلرسیداں سے موٹر سائیکل، نقدی اور موبائل فون چھین لیے۔ متاثرہ شہری کی درخواست پر پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

اسی طرح ریلوے روڈ گوجرخان میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا جہاں 24 سالہ شادی شدہ خاتون کو نامعلوم افراد نے اغواء کر لیا۔ خاتون کے خاوند کی درخواست پر پولیس نے اغواء کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 02 شراب سپلائرز شہباز احمد اور رمضان کو گرفتار کر لیا، جن کے قبضے سے 20 لیٹر شراب برآمد ہوئی۔ دونوں ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر لیے گئے ہیں۔

اسی طرح کائٹ سپلائرز کے خلاف کارروائیوں کے دوران مختلف مقامات سے پتنگیں اور ڈوریں برآمد کر کے 03 مقدمات درج کیے گئے۔

ڈہونگ، جاتلی میں جائیداد کے تنازعہ پر ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں بھتیجوں نے اپنے چچا کو پھندا لگا کر قتل کر دیا۔ مقتول کی بیوہ کی درخواست پر قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔

ادھر گرمالہ، جاتلی میں مویشی چوری کی واردات میں عاصم جاوید کی دو لاکھ روپے مالیت کی گائے چوری ہو گئی۔ پولیس نے متاثرہ شہری کی درخواست پر مقدمہ درج کر کے ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق تمام مقدمات کی تفتیش جاری ہے اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ علاقے میں امن و امان کی فضا قائم رکھی جا سکے


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.