کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں کے مختلف علاقوں میں پیش آنے والے دو الگ الگ ٹریفک حادثات میں ایک معمر شہری جان کی بازی ہار گیا جبکہ خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں منتقل کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پہلا افسوسناک حادثہ کلر سیداں۔منگلورہ روڈ پر اس وقت پیش آیا جب 70 سالہ محبوب الرحمان موٹر سائیکل پر سفر کر رہے تھے کہ اچانک مخالف سمت سے آنے والی ایک اور موٹر سائیکل سے ان کی ٹکر ہو گئی۔ شدید تصادم کے نتیجے میں محبوب الرحمان موقع پر ہی دم توڑ گئے۔دوسرا ٹریفک حادثہ بھی کلر سیداں کے نواحی علاقے میں پیش آیا جس میں 40 سالہ فیصل اور 22 سالہ ایک نوجوان لڑکی شدید زخمی ہو گئے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی ٹریفک وارڈنز ہارون نثار فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں منتقل کر دیا گیا، جہاں زخمیوں کو طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے۔