کلر سیداں میں غیر قانونی شکار کے خلاف وائلڈ لائف کی بڑی کارروائی، ساڑھے پانچ لاکھ سے زائد جرمانے عائد

کلرسیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ)تحصیل کلر سیداں میں محکمہ وائلڈ لائف نے غیر قانونی شکار اور قوانین کی سنگین خلاف ورزیوں کے خلاف بھرپور کارروائی کرتے ہوئے ساڑھے پانچ لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کر دیے ہیں۔

کارروائیاں وائلڈ لائف رینجرز کی جانب سے مختلف علاقوں میں چھاپوں اور نگرانی کے دوران عمل میں لائی گئیں۔وائلڈ لائف رینجرز کے انسپکٹر چوہدری طلعت نے اس موقع پر بتایا کہ غیر قانونی شکار میں ملوث افراد کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے اور کسی کو بھی قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ شکار صرف مقررہ سیزن کے دوران اور باقاعدہ اجازت نامے کے تحت ہی کیا جا سکتا ہے، اس کے برعکس کارروائی قابلِ سزا جرم ہے۔انسپکٹر طلعت کے مطابق کلر سیداں اور گرد و نواح میں جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے وائلڈ لائف رینجرز کی مسلسل پٹرولنگ اور نگرانی جاری ہے تاکہ نایاب اور محفوظ جانوروں اور پرندوں کو غیر قانونی شکار سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھاری جرمانوں کے ساتھ ساتھ قانونی کارروائی بھی عمل میں لائی جائے گی۔

محکمہ وائلڈ لائف نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جنگلی حیات کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کریں اور غیر قانونی شکار یا مشکوک سرگرمیوں کی اطلاع فوری طور پر متعلقہ حکام کو دیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ جنگلی حیات کا تحفظ قدرتی توازن برقرار رکھنے کے لیے نہایت ضروری ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
علاقہ مکینوں نے محکمہ وائلڈ لائف کی اس کارروائی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے غیر قانونی شکار کی حوصلہ شکنی ہوگی اور قدرتی ماحول کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔