کلرسیداں (یاسر ملک) کلر سیداں شاپنگ مال میں پرس چوری کی بڑھتی وارداتیں، خواتین شدید پریشانی کا شکار۔کلر سیداں کے معروف شاپنگ مال میں خواتین کے پرس چوری ہونے کے واقعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جس سے خریدار خواتین اور شہریوں میں خوف و ہراس اور عدم تحفظ کی فضا قائم ہو گئی ہے۔صادق آباد کلر سیداں کے رہائشی پرویز اختر نے پولیس کو مقدمہ درج کراتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنی بیٹی مہر النساء کے ہمراہ گزشتہ روز حماد کیش اینڈ کیری شاپنگ مال میں خریداری کے لیے آئے تھے۔ دورانِ خریداری ان کی بیٹی کا پرس ایک نامعلوم مرد و خاتون نے چوری کر لیا۔ پرس میں قومی شناختی کارڈ، ہانگ کانگ شناختی کارڈ، بینک آف چائنہ اور بینک آف ہانگ کانگ کے اے ٹی ایم کارڈز سمیت دیگر اہم دستاویزات موجود تھیں۔ذرائع کے مطابق صرف ایک روز قبل منگل کو بھی متعدد خواتین خریداری کے دوران اپنے پرس سے نقدی اور قیمتی سامان چوری ہونے کی شکایات درج کروا چکی ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ شاپنگ مال میں سیکیورٹی نہ ہونے کے برابر ہے اور انتظامیہ کی غفلت کے باعث خواتین آسان ہدف بن رہی ہیں۔عوامی و سماجی حلقوں نے پولیس حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر شاپنگ مالز میں سیکورٹی سخت کی جائے، سی سی ٹی وی کیمروں کی مؤثر مانیٹرنگ یقینی بنائی جائے اور پرس چوری میں ملوث عناصر کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔
