کلر سیداں رقم ادھار لے کر چیک باؤنس، دھمکیاں دینے پر ملزم کے خلاف مقدمہ درج

کلرسیداں ( نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں رقم ادھار لے کر چیک باؤنس، دھمکیاں دینے پر مقدمہ درج۔تفصیلات کے مطابق عمران خان سکنہ منگال نے تھانہ میں درخواست دیتے ہوئے مؤقف اختیار کیا ہے کہ اس کے مسمی نعیم اختر کے ساتھ ذاتی تعلقات اور اچھی جان پہچان تھی۔

مسمی نعیم اختر نے اپنی ضروریات پوری کرنے کے لیے مدعی سے نقد رقم تین لاکھ پچاس ہزار روپے بطور ادھار حاصل کی اور وعدہ کیا کہ وہ یہ رقم 29 اکتوبر 2025 کو واپس کر دے گا۔درخواست گزار کے مطابق ملزم نے رقم کی واپسی کی ضمانت کے طور پر ایک عدد دستخط شدہ چیک بھی دیا۔

معاہدے کی مدت پوری ہونے پر جب مدعی نے چیک کیش کروانے کے لیے مقامی بینک سے رجوع کیا تو معلوم ہوا کہ ملزم کے اکاؤنٹ میں مطلوبہ رقم موجود نہیں تھی، جس کے باعث چیک ڈس آنر ہو گیا۔

مدعی کا کہنا ہے کہ جب اس نے ملزم سے رقم کی واپسی کا تقاضا کیا تو ملزم نے اسے سنگین نتائج کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔ پولیس نے درخواست پر کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کر لیا ہے، مزید تفتیش جاری ہے۔