کلر سیداں دو ملزمان منشیات کے مقدمات میں بری، فوری رہائی کے احکامات جاری

کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلر سیداں دو ملزمان منشیات کے مقدمات میں بری، فوری رہائی کے احکامات جاری۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کلر سیداں، جہانگیر علی گوندل نے منشیات فروشی کے دو الگ الگ مقدمات میں نامزد ملزمان محمد نعمان سکنہ کمبیلی صادق اور محمد بلال سکنہ بہاولنگر کو عدم ثبوت کی بنیاد پر بری کر دیا۔

عدالت نے سپرنٹنڈنٹ سنٹرل اڈیالہ جیل راولپنڈی کو ہر دو ملزمان کی فوری رہائی کے لیے وارنٹس جاری کر دیے۔تھانہ کلر سیداں پولیس نے گشت اور پڑتال کے دوران دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر چار کلو چار سو گرام چرس برآمد کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ ملزمان کے خلاف منشیات ایکٹ کے تحت الگ الگ مقدمات قائم کیے گئے تھے۔تاہم سماعت کے دوران استغاثہ عدالت کو مطمئن کرنے کے لیے ٹھوس شواہد پیش کرنے میں ناکام رہا۔

عدالت نے قرار دیا کہ ناکافی شواہد کی بنیاد پر کسی بھی شخص کو جرم کا مرتکب قرار نہیں دیا جا سکتا، لہٰذا دونوں ملزمان کو شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کیا گیا۔عدالتی فیصلے کے بعد اڈیالہ جیل انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ اگر ملزمان کسی دیگر مقدمے میں مطلوب نہ ہوں تو انہیں فوراً رہا کر دیا جائے۔