کلرسیداں(نمائندہ پنڈی پوسٹ)کلرسیداں ڈڈیال روڈ پر پیش آنے والے ایک افسوسناک واقعے میں بہاری ڈڈیال ضلع میرپور کے رہائشی عبدالوحید کو لفٹ دینا مہنگا پڑ گیا۔ تین مردوں اور ایک خاتون نے لفٹ لی، بعد ازاں اسلحہ کے زور پر نہ صرف نقدی چھین لی بلکہ برہنہ کرکے ویڈیو بھی بنا لی اور 20 لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کر ڈالا۔
متاثرہ شہری عبدالوحید کے مطابق وہ اپنے بھانجے کو لینے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ جا رہے تھے کہ شام تقریباً پانچ بجے چواخالصہ پل کے قریب تین مردوں اور ایک خاتون نے ان کی گاڑی روک لی۔ ملزمان نے ایمرجنسی کا بہانہ بنا کر کلر سیداں تک لفٹ مانگی جس پر انہوں نے ہمدردی کے تحت انہیں گاڑی میں بٹھا لیا۔ خاتون فرنٹ سیٹ پر جبکہ تینوں مرد پچھلی نشست پر بیٹھ گئے۔
عبدالوحید نے بتایا کہ کلر سیداں پہنچنے پر ملزمان نے انہیں گوجرخان روڈ پر چھوڑنے کا کہا۔ وہاں پہنچ کر وہ انہیں ایک ڈبل سٹوری مکان میں لے گئے جہاں ایک شخص نے پستول جبکہ دوسرے نے خنجر نکال لیا۔ ملزمان نے ان کی تلاشی لے کر 37 ہزار روپے نقدی چھین لی، بعد ازاں کپڑے اتار کر برہنہ کر دیا اور ویڈیو بنا لی۔
متاثرہ شہری کے مطابق انہیں دھمکی دی گئی کہ اگر 20 لاکھ روپے ادا نہ کیے گئے تو ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل کر دی جائے گی۔ بعد ازاں مانکیالہ پہنچنے پر انہیں کال کر کے رقم کا مطالبہ بھی کیا گیا۔کلر سیداں پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے جبکہ ملزمان کی تلاش جاری ہے۔
Discover more from pindipost.pk
Subscribe to get the latest posts sent to your email.