کلرسیداں گرفتار شہزاد بٹ کیخلاف ویزہ فراڈانسانی اسمگلنگ سے متعلق انکوائریاں،ویریفکیشنز اور مقدمات بھی زیرِ کارروائی ہونیکا انکشاف

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل راولپنڈی نے بیرون ملک ملازمت اور ویزہ فراڈ میں ملوث ملزم شہزاد اکبر بٹ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا، جبکہ ملزم کے خلاف متعدد دیگر 08 سے زیادہ انکوائریاں اور کیسز بھی سامنے آ گئے ہیں جن میں ملزم شہزاد اکبر بٹ نے معصوم لوگوں سے کروڑوں روپے ہتھیائے ہیں ۔
تحقیقات کے دوران یہ بھی انکشاف ہوا کہ ملزم کے خلاف ویزہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ سے متعلق متعدد دیگر انکوائریاں، ویریفکیشنز اور مقدمات بھی زیرِ کارروائی ہیں۔ ریکارڈ کے مطابق مختلف شہریوں سے UK، کینیڈا اور فرانس ورک ویزوں کے نام پر لاکھوں روپے وصول کیے گئے۔ متاثرین میں نقاش علی، جاوید اختر، محمد وقار، راجہ سجاد، مدثر محمود، محمد سفیان افراز اور فوزیہ حفیظ شامل ہیں، جن سے مجموعی طور پر کروڑوں روپے ہتھیائے گئے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم ایک منظم ویزہ فراڈ نیٹ ورک کا حصہ معلوم ہوتا ہے، جبکہ اس کے دیگر سہولت کاروں اور ساتھیوں کے کردار کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ کیسز کی مزید تحقیقات جاری ہیں اور ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
بیرون ملک ملازمت یا امیگریشن کے لیے صرف مستند اور لائسنس یافتہ ایجنٹس سے رجوع کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر ایف آئی اے کو دیں۔