کلرسیداں جماعت اسلامی کے تحت مہنگائی، بجلی و پٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

کلرسیداں (یاسر ملک)
کلرسیداں جماعت اسلامی کے تحت مہنگائی، بجلی و پٹرول کی قیمتوں کے خلاف احتجاجی مظاہرہ۔ جماعت اسلامی کی مرکزی قیادت حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر ملک بھر کی طرح کلرسیداں میں بھی مہنگائی، بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی کلرسیداں زون محمد توقیر اعوان نے کہا کہ ملک کو درپیش موجودہ معاشی بحران، آئی پی پیز، پٹرول، گندم اور چینی کے مسائل کا ذمہ دار چند مٹھی بھر خاندان ہیں جو برسوں سے قوم پر مسلط ہیں۔ یہ لوگ نہ صرف ملکی وسائل پر قابض ہیں بلکہ اپنے ذاتی مفادات کے لیے ملکی معیشت سے کھیلتے ہیں، چینی کی درآمد و برآمد سے لے کر دیگر اشیائے ضروریہ کی قلت تک ہر بحران کا فائدہ اپنے قریبی افراد کو پہنچاتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ جب بھی ملک پر مشکل وقت آیا، جماعت اسلامی نے ہمیشہ قوم کا ساتھ دیا۔ اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ان ظالم طبقوں کے خلاف متحد ہوں اور جماعت اسلامی کی آواز بنیں تاکہ ملک و قوم کو ایک اسلامی، عادلانہ اور خوددار نظام فراہم کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام ہی اس ملک کی بقا اور آنے والی نسلوں کے محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.

اپنا تبصرہ بھیجیں