پی پی پر مریم نواز کی کارکردگی دباؤ ہے،عظمی بخاری

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے مناظرے کا چیلنج قبول کرلیا۔ کہا آپ 17 سال کے منصوبے بتائیں، میں مریم نواز کے پراجیکٹس بتاؤں گی، آئیں آپ کو ملتان، بہاولپور، لودھراں دکھاؤں، آپ مجھے گڑھی خدا بخش اور کشمور دکھائیں۔

مسلم لیگ ن کی رہنماء اور وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پر مریم نواز کی کارکردگی کا بہت دباؤ ہے۔

عظمیٰ بخاری نے شرجیل میمن کے مناظرے کا چیلنج قبول کرتے ہوئے کہا کہ آپ 17 سال کے منصوبے بتائیں، میں مریم نواز کے پراجیکٹس بتاؤں گی، آئیے آپ کو ملتان، بہاولپور اور لودھراں دکھاؤں، آپ مجھے گڑھی خدا بخش اور کشمور دکھائیں۔

ان کا کہنا ہے کہ نہروں کی طرح اب بھی پلانٹڈ مہم چلائی جارہی ہے، پنجاب حکومت کے پاس اداکاریاں کرنے کیلئے وقت نہیں، آپ ہر وقت مرسوں مرسوں سندھ نہ ڈیسوں کرتے رہتے ہیں، جیسی بات کریں گے ویسا جواب آئے گا۔

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ پریس کانفرنسز کرنے والوں سے پوچھا جائے کہ سیلاب متاثرین کیلئے کیا کیا؟، اتنی پریس کانفرنسز کو سیاست کرنا نہیں کہتے تو اور کیا کہتے ہیں؟، مرتضیٰ وہاب کا شکریہ کہ انہوں نے بہنوں کا خیال کیا، کاش! مرتضیٰ وہاب کبھی کراچی والوں کا بھی ایسے ہی خیال کریں۔

وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت کے پاس اداکاریاں کرنے کیلئے وقت نہیں ہے، اپنی اپنی ڈومین میں بات کریں تو مسئلہ نہیں ہوگا۔