راولپنڈی (نمائندہ پنڈی پوسٹ) تھانہ دھمیال کی حدود میں واقع پڑیال روڈ پر ایک دل دہلا دینے والا ٹریفک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک 60 سالہ بزرگ موقع پر جاں بحق جبکہ ان کا بیٹا زخمی ہو گیا۔ حادثے کے بعد علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ کار سوار موقع سے فرار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق وسیم ولد محمود سکنہ پڑیال، تحصیل و ضلع راولپنڈی نے بتایا کہ وہ اپنے والد محمود ولد سلطان کے ہمراہ رکشے پر گاؤں کی طرف جا رہے تھے کہ شام 4 بج کر 45 منٹ پر گاؤں کے قریب اچانک ایک تیز رفتار سفید رنگ کی کار نے سامنے سے آ کر ان کے رکشے کو زور دار ٹکر مار دی۔ تصادم اتنا شدید تھا کہ وسیم کے والد 60 سالہ محمود ولد سلطان موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ وسیم خود شدید زخمی ہو گیا۔ اسے ناک اور جسم کے دیگر حصوں پر چوٹیں آئیں۔ فوری طور پر زخمی اور جاں بحق شخص کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے بزرگ محمود کی موت کی تصدیق کی، واقعہ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ دھمیال پولیس موقع پر پہنچ گئی، شواہد اکٹھے کیے گئے اور نامعلوم کار سوار کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ حادثے کی نوعیت کو دیکھتے ہوئے امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کار انتہائی تیز رفتاری سے آ رہی تھی جس نے دونوں افراد کی جان و مال کو شدید نقصان پہنچایا۔
