ضلع راولپنڈی سے ملحقہ دیہاتی علاقہ عرصہ دراز سے بنیادی مسائل سے دوچار ہے لیکن بدقسمتی سے کوئی ایسا فورم نہیں تھا جس کے ذریعے ان دیہاتوں کے لوگوں کی آواز متعلقہ حکام اور ایوانوں تک پہنچائی جاتی اسمبلیوں کے نمائندوں کے قدالیکشن جیتنے کے بعد اتنے اونچے ہو جاتے کہ عام آدمی کا مسئلہ ان کے کانوں تک ہی نہیں پہنچ پاتا تھا بیچارے عوام کبھی موقع پا کر اپنے نمائندوں کے آگے کوئی درخواست پیش کرنا چاہتے تو آگے سے جھاڑ پلا دی جاتی بے بس لوگ صرف ان کی چاکری کرنے اور سلام حاصل کرنے میں ہی خوشی محسوس کرتے تھے
مختلف دیہاتوں میں آباد ملکی اخبارات کے صحافی اگراپنے اخبار کے ذریعے کوئی مسئلہ اجاگر کرنے کی کوشش کرتے تو قومی اخبارات اسے علاقائی خبر کی نظر سے دیکھ کر کم اہمیت دیتے تھے اپنے علاقے میں ایسی حالت دیکھ کر کئی مرتبہ میرا علاقائی اخبار نکالنے کا ارادہ بنا لیکن راولپنڈی سے بہت دور چک بیلی خان میں رہتے ہوئے کوئی موزوں ٹیم دستیاب نہیں ہو سکتی تھی جس کے ساتھ سے میں یہ کام شروع کر سکوں اسی دوران چک بیلی خان روڈ پر واقع موضع مندہال سے تعلق رکھنے والے ملک ظفر اقبال مرحوم نے مجھ سے ملاقات کی اور بتایا کہ کلر سیداں روڈ سے تعلق رکھنے والے میرے ہم عصر صحافی چوہدری عبدالخطیب صاحب پنڈی پوسٹ کے نام سے علاقائی اخبار شروع کر رہے ہیں جس کیلئے انھوں نے چک بیلی خان کے علاقے سے میری معاونت مانگی ہے معاونت کیوں نہ کرتا کیونکہ یہ میرا ہی خواب پورا ہو رہا تھا
صحافتی شعبہ سے وابستہ ہونیکی وجہ سے چوہدری عبدالخطیب کا غائبانہ تعارف بھی تھا ملک ظفر اقبال مرحوم سے ملاقات کے بعد چوہدری عبدالخطیب سے بذریعہ ٹیلی فون تبادلہ خیال ہوا جس میں انھوں اخبارکا پورا خاکہ اور مقصد سمجھایا اس طرح ابھی چند ہی اشاعتیں گذری تھیں کہ علاقہ میں موجود تجربہ کار صحافیوں کی تحریروں سے پنڈی پوسٹ تیزی سے بلندیوں کی جانب گامزن ہونا شروع ہو گیا اب بفضل خدا بڑے قومی اخبارات کے برابر تک پڑھا جانے لگا ہے علاقے کے ایسے مسائل جن کا حل صدیوں تک ممکن نہ تھا پنڈی پوسٹ کی وجہ سے حل ہوئے اب بات صرف اخبار کی اشاعت تک نہیں بلکہ پنڈی پوسٹ کے ذریعے چوہدری عبدالخطیب نے ایسے ایسے نئے صحافی تیار کیے ہیں جو کئی مزید علاقائی اخبارات چلا رہے ہیں مختصر طور پر یہی کہا جا سکتا ہے کہ پنڈی پوسٹ علاقائی مسائل کو ارباب اختیار اورایوانوں تک پہنچانے والا پہلا مؤثر اخبار اور نئے صحافیوں کیلئے ایک بہترین ادارہ ثابت ہوا ہے۔