پنجاب کے بیشتر شہروں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری۔

راولپنڈی(اویس الحق سے)مغربی سسٹم کے زیر اثر لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر شہروں میں آج بھی بارش جبکہ صوبے کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری ہوئی۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق ملک بھر کے میدانی علاقوں میں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں بارش اور برفباری موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق 2 جنوری کے دوران پنجاب کے پہاڑی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور برفباری کے مزید امکانات ہیں۔ راولپنڈی، مری، گلیات، پوٹھوہار ریجن میں بارش اور برفباری گزشتہ روز سے جاری ہے۔

پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق آج لاہور، شیخوپورہ، سرگودھا، خوشاب، فیصل آباد، حافظ آباد، گجرانوالہ، منڈی بہاوالدین، گجرات، سیالکوٹ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ہلکی بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں صبح سے کالے بادلوں نے آسمان کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ بارشوں کے باعث دھند و اسموگ کی صورتحال میں کمی واقع ہوگی۔ اسموگ سے بچاؤ کے لیے ماسک کا استعمال کریں اور غیر ضروری باہر نہ نکلیں۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں صورتحال کی مانیٹرنگ 24/7 جاری ہے۔