99

پنجاب میں پرائس کنٹرول کمیٹیاں فعال کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز عوام کو مہنگائی سے ریلیف دینے کیلئے ان ایکشن۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز کی ہدایت پرپنجاب میں ڈسٹرکٹ پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو ازسر نو فعال کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہبازنے کہا کہ فوری طورپر فعال افراد پر مشتمل پرائس کنٹرول کمیٹیوں کو نوٹیفائی کر کے متحرک کیا جائے۔شوگر،فلور،گھی اورپولٹری ایسوسی ایشنز کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات کر کے قیمتوں میں کمی لائی جائے۔وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے گھی،آٹے،چینی،چکن اوردیگر اشیاء ضروریہ کی قیمتیں کم کرنے کیلئے جامع ایکشن پلان بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ قابل عمل پلان کو جلد حتمی شکل د ی جائے اور دکانوں پر اشیاء کے نرخناموں کی فہرستیں نمایاں جگہوں پرآویزاں کی جائیں۔ہمارا فوکس عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہے۔پرائس کنٹرول کیلئے مربوط پالیسی کو حتمی شکل دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کے باعث عام آدمی کا کوئی پرسان حال نہیں۔سابق حکومت کی غلط پالیسیوں کے باعث سفید پوش طبقہ مہنگائی کی چکی میں پس کررہ گیا ہے۔ہماری حکومت نے عوام کو مہنگائی سے ہر صورت ریلیف دینا ہے۔انہوں نے کہا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کو بھی ازسر نو فعال کیا جائے۔ صوبے میں کسی کو ناجائز منافع خوری کی اجازت نہیں دیں گے۔ ذخیرہ اندوزوں اورناجائز منافع خوروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی ہوگی۔انتظامیہ اور متعلقہ محکمے فیلڈ میں نکلیں اور عوام کو ریلیف دینے کے لئے فعال انداز میں کام کریں۔انہوں نے کہا کہ عوام کا مفاد سب سے زیادہ عزیزہے، عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی زیر صدار ت آج وزیراعلیٰ آفس میں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا جائزہ لیاگیا اوراشیائے ضروریہ کے نرخوں میں کمی کیلئے ضروری ہدایات جا ری کی گئیں۔ اراکین پنجاب اسمبلی عبدالعلیم خان، سردار اویس لغاری، چوہدری محمد اقبال، بلال یاسین، خواجہ عمران نذیر، رمضان صدیق بھٹی، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس،ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ رکن پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان اور مسلم لیگ (ن) کے رہنما عطاء اللہ تارڑ اسلام آباد سے ویڈ لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا فیصلہ، شادیوں پر ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم:  وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کا عوام کو ریلیف دینے کیلئے بڑا فیصلہ، وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے شادیوں پر ون ڈش پر پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد کا حکم دیاہے۔ وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے ہدایت کی ہے کہ لاہور سمیت پنجاب کے ہر ضلع میں ون ڈش پر پابندی کے قانون پر من و عن عمل کرایا جائے اور خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں