پنجاب حکومت نے کینسر اور دل کی بیماریوں میں مبتلا مریضوں کے علاج کے لیے ایک اہم فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت حکومت ان مریضوں کے علاج کے اخراجات کا بوجھ اٹھائے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے “وزیراعلیٰ اسپیشل اینیشیٹو برائے کینسر پیشنٹ کارڈ” متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ اس کارڈ کے ذریعے کینسر اور دل کے مریضوں کو حکومت کی جانب سے علاج کی مکمل سہولت فراہم کی جائے گی۔
پنجاب میں پہلے مرحلے میں 45 ہزار مریضوں کو “سی ایم اسپیشل اینیشیٹو کارڈ” فراہم کیا جائے گا، جس سے وہ 10 لاکھ روپے تک کا مفت علاج حاصل کر سکیں گے۔ اس کارڈ کے ذریعے مریضوں کو کینسر اور کارڈیک سرجری کے لیے خصوصی سہولت فراہم کی جائے گی۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے اس بات کا عندیہ دیا کہ اس اقدام کا مقصد لوگوں کو مہنگے علاج کی پریشانی سے نجات دلانا ہے، تاکہ وہ بہتر علاج حاصل کر سکیں اور ان کی زندگیوں کو بچایا جا سکے۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ نے مزید بریفنگ میں بتایا کہ “نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کینسر ٹریٹمنٹ اینڈ ریسرچ” کا او پی ڈی بلاک 17 جنوری تک فعال کیا جائے گا، جس سے ہزاروں مریضوں کو فائدہ پہنچے گا۔ اسی طرح، “نواز شریف انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی سرگودھا” 31 جنوری تک مکمل طور پر فعال ہو جائے گا۔
اس پروگرام کے تحت کینسر اور دل کے مریضوں کے علاج کے لیے 57 بڑے ہسپتالوں میں جدید سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں 744430 سرجریز، 475040 سی ٹی سکین، 150925 ایم آر آئی سکین اور 105155 انجیوگرافی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں، 12 لاکھ سے زائد مریضوں کو پتھالوجی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی گئی۔وزیراعلیٰ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صحت کے شعبے میں مزید اصلاحات کر کے عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرے گی اور علاج کی لاگت کو کم کرنے کی ہر ممکن کوشش کرے گی۔