جہلم(نمائندہ پنڈی پوسٹ)جہلم پی ٹی سی ایل کی جانب سے شہر کے گلی محلوں میں کھودے گئے گڑھے بند نہ کئے جا سکے، شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا، شہریوں کا ارباب اختیار سے نوٹس لینے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن لمٹیڈ کی جانب سے فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کی غرض سے اندرون شہر سمیت ملحقہ آبادیوں کے گلی محلوں میں کھدائی کی جارہی ہے، کیبل ڈالنے کے بعد پی ٹی سی ایل کے ٹھیکیدار گڑھے بند کرنے کی بجائے کھلے چھوڑ کر رفو چکر ہو جاتے ہیں، جس کیوجہ سے شہریوں کو آمدورفت میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے، جبکہ نماز عشاء اور نمازِ فجر کے وقت مساجد میں جانے والے بزرگ گڑھوں میں گرنے کیوجہ سے زخمی ہورہے ہیں، شہر کے بیشتر علاقوں میں پی ٹی سی ایل کے ٹھیکیدار نے گلی محلوں کی سڑکوں کی کھدائی کرکے شہریوں کے مشکلات پیدا کر رکھی ہیں۔ بلال ٹاؤن، مشین محلہ، عباس پورہ، کالا گجراں سمیت بیشتر علاقوں کی گلیاں اس وقت کھدائی کیوجہ سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو چکی ہیں جس کیوجہ سے شہریوں کا پیدل چلنابھی محال ہو چکا ہے، شہریوں کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ فائبر آپٹیکل کیبل بچھانے کی غرض سے پی ٹی سی ایل کے ٹھیکیدار نے شہر کا حلیہ بگاڑ کے رکھ دیا ہے۔ گزشتہ روز ہونے والی بارش سے بارشی پانی ان گڑھوں میں جمع ہونے کیوجہ سے سڑکوں پر کیچڑ پھیلنے سے حادثات بھی رونما ہو رہے ہیں، جس کے باعث شہریوں سے سمیت سکول و کالجز جانے والے طلباء و طالبات کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس حوالے سے جب میونسپل کمیٹی انتظامیہ سے رابطہ قائم کیا گیا تو انہوں نے بتایا کہ پی ٹی سی ایل انتظامیہ نے 43 لاکھ کا فنڈز جمع کرواکے این او سی سے حاصل کر رکھا ہے، بلدیاتی نمائندے منتخب ہونے کے بعد جلد ہی گلیوں کی مرمت کر دی جائے گی۔
183