وزیراعظم کی لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر آمد،اہل خانہ سے اظہار تعزیت۔

اسلام آباد(اویس الحق سے) محمد شہباز شریف نے فتنہ الخوارج کے خلاف آپریشن کے دوران جامِ شہادت نوش کرنے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے گھر مانسہرہ کا دورہ کیا اور اہلِ خانہ سے اظہارِ تعزیت کیا۔

وزیراعظم نے شہید افسر کی والدہ، اہلیہ اور بچوں سمیت دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان کے صبر و حوصلے کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے شہید کی قبر پر حاضری دی، فاتحہ خوانی کی اور درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا تھا کہ لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید نے وطنِ عزیز کے دفاع کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کر کے ہمت اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنے شہدا اور ان کے اہلِ خانہ پر فخر کرتی ہے اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ حکومت اور پاک فوج شہید کے اہلِ خانہ کا مکمل خیال رکھیں گے۔

دورے کے دوران وزیراعظم نے مانسہرہ میں لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز شہید کے نام سے دانش اسکول کے قیام کا اعلان بھی کیا، تاکہ آنے والی نسلیں شہدا کی قربانیوں سے آگاہ رہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزرا عطاء اللہ تارڑ، امیر مقام، سردار محمد یوسف، مشیر وزیراعظم رانا ثناء اللہ، محمد صفدر، مرتضٰی جاوید عباسی اور شاہ جی گل آفریدی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔