منگلورہ روڈ کلر سیداں پر واقع 52 کنال صوبائی متروکہ اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن

کلرسیداں (یاسر ملک)
اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں شبانہ نذیر کی ہدایت پر تحصیلدار کلر سیداں اسلام بابر ملک نے پولیس کی نفری کے ہمراہ منگلورہ روڈ کلر سیداں پر واقع 52 کنال صوبائی متروکہ اراضی پر قائم تجاوزات کے خلاف بھرپور آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران غیر قانونی طور پر تعمیر کی گئی دو کار واش اسٹیشنز اور چار دکانوں کو مسمار کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق مذکورہ زمین صوبائی محکمہ متروکہ وقف املاک کی ملکیت تھی، جس پر طویل عرصے سے بعض افراد نے غیر قانونی قبضہ جما رکھا تھا۔ ضلعی انتظامیہ کو شکایات موصول ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر کلر سیداں نے تحصیلدار کو فوری کارروائی کی ہدایت جاری کی۔آپریشن کے دوران پولیس نے سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے جبکہ مشینری کی مدد سے غیر قانونی تعمیرات کو گرایا گیا۔ اس موقع پر تحصیلدار اسلام بابر ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری زمین پر کسی بھی قسم کی تجاوزات برداشت نہیں کی جائیں گی اور آئندہ بھی بلا امتیاز کارروائی جاری رکھی جائے گی۔ذرائع کے مطابق زمین واگزار کروا کر محکمانہ ریکارڈ میں بحال کر دی گئی ہے، اور انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ دوبارہ قبضہ کرنے کی کوشش پر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔


Discover more from pindipost.pk

Subscribe to get the latest posts sent to your email.