204

مفتی تقی عثمانی کے بدست کلرسیداں میں جامعہ دارالعلوم ربانیہ کا سنگ بنیاد

کلر سیداں (راجہ محمد سعید سے)وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی صدر مفتی محمد تقی عثمانی نے کہا ہے کہ مدارس دینیہ اسلام کے مضبوط قلعے ہیں جو ترویج اسلام اورمملکت خداداد پاکستان کی نظریاتی سرحدوں میں مصروف عمل ہیں۔ ترویج اسلام کیلئے علماء و مشائخ کا کردار مسلم حقیقت ہے۔وفاق المدارس کے اکابرین کے اخلاص کا نتیجہ ہے کہ آج وفاق المدارس ایک تناور درخت کی شکل اختیار کر گیا ہے اور یہ ہمارے لئے کسی نعمت سے کم نہیں۔ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں جن کے ذریعے سے اللہ دین کی خدمت ہم سے کرا رہے ہیں۔ ملک خداداد کو حاصل کرنے اور اس کے مقاصد کی بقاء کیلئے مدارس کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کلر سیداں میں جامع مسجد ربانی اور جامعہ دارالعلوم ربانیہ کی افتتاحی تقریب سے قبل نماز جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کی صدرات جمعیت علمائے برطانیہ کے سربرست اعلی مولانا عبدالرشید ربانی نے کی۔ مفتی محمد تقی عثمانی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دینی مدارس کی آزادی اور خود مختاری کا ہر صورت دفاع کیا جائے گا،انہوں نے کہا کہ مساجد کعبی کی بیٹیاں ہیں ان کی آباد کاری عمدہ قالین،سنگ مرر اور ٹف ٹائلوں سے نہیں بلکہ نمازیوں کی کثرت سے ہوتی ہے۔انہوں نے کہا کہ دینی تعلیم کا مقصد ڈگری اور منصب کا حصول نہیں بلکہ اللہ تعالی کی رضا اور خوشنودی کا حصول ہے۔ وفاق المدارس نعمت عظمی ہے جس کی چھت تلے تمام مدارس متحد و متفق ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مدارس کیخلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور ہمیشہ کیلئے اتحاد ویکجہتی کے ذریعے دشمن کی چالوں کو ناکام بنائیں گے۔انہوں نے ارباب مدارس و جامعات پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ معیار تعلیم و تربیت کو بلند رکھنے کی ہر ممکنہ کوشش کریں،دشمن ہمارا کچھ نہیں بگاڑ سکتے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت 23 ہزار سے زائد مدارس العربیہ پاکستان سے ملحق ہیں۔اس موقع پر جامع مسجد ربانی کے متصل جامعہ دارالعلوم ربانیہ کا سنگ بنیاد شیخ الاسلام مفتی محمد تقی عثمانی کے ہاتھوں رکھوایا گیا۔اس دوران مفتی محمد تقی عثمانی کی دینی تعلیمی اور اسلامی بینکاری کی خدمات کے اعتراف میں ایم پی اے راجہ صغیر احمد،مولانا عبدالرشید ربانی،چوہدری زین العابدین عباس اور شیخ حسن ریاض نے انہیں شیلڈز پیش کیں۔برطانیہ کے سرپرست اعلی مولانا عبدالرشید ربانی نے بھی خطاب کیا۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں