اسلام آباد(نمائندہ پنڈی پوسٹ) وفاقی حکومت نے معرکۂ حق میں تاریخی فتح پر 16 مئی بروز جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا اعلان کر دیا ہے۔ اس دن پاکستانی قوم اور افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے گا جنہوں نے وطن عزیز کے دفاع میں مثالی کردار ادا کیا۔
یوم تشکر کا آغاز ملک بھر کی مساجد میں قرآن خوانی اور خصوصی دعاؤں سے ہوگا، جس میں ملکی سلامتی، ترقی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی جائے گی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں جبکہ صوبائی دارالحکومتوں میں 21 توپوں کی سلامی دی جائے گی، جو کہ اس دن کی عظمت اور قومی جذبے کی عکاسی کرے گی۔
یوم تشکر کے موقع پر مزار قائد (کراچی) اور مزار اقبال (لاہور) پر گارڈ کی تبدیلی کی پروقار تقریب منعقد کی جائے گی۔ اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر میں قائم یادگارِ شہداء پر پھول چڑھائے جائیں گے اور دعائیہ تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا۔
وفاقی حکومت کے مطابق یوم تشکر کی مرکزی تقریب آج رات اسلام آباد میں منعقد ہوگی، جس میں اعلیٰ حکومتی و عسکری حکام شرکت کریں گے۔
یوم تشکر قومی اتحاد، یکجہتی اور قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہوگا، جس سے پوری قوم کو ایک نیا عزم اور ولولہ ملے گا۔