مری سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری،سیاحوں کےلئے ایڈوائزری جاری۔

راولپنڈی(اویس الحق سے)ملکہ کوہسار مری، بٹگرام، چنار کوٹ اور بٹل ایریا میں برفانی طوفان کی پیشگوئی کے پیش نظر نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ٹریول ایڈوائزری جاری کر دی۔

ٹریول ایڈوائزری کے مطابق محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ دو روز مری سمیت بٹگرام، چنارکوٹ اور بٹل ایریا میں شدید بارش اور برفباری متوقع ہے۔

موٹروے پولیس نے بٹگرام، بٹل چنار کوٹ اور اچھڑیاں ایریا میں ہیوی مشینری کے ساتھ اضافی نفری تعینات کر دی ہے، عوام غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں اور اگر سفر کرنا ناگزیر ہو تو حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھیں۔

ٹریول ایڈوائزری کے مطابق اضافی فیول، گرم کپڑے اور کھانے پینے کی اشیاء ساتھ رکھیں۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کریں۔

سفر شروع کرنے سے پہلے موسم کی تازہ ترین صورتحال اور روڈ کنڈیشن موٹروے پولیس کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس@NHMP سے حاصل کی جا سکتی ہے۔

سیاح اور شہری رات کے وقت مری کا سفر کرنے سے مکمل گریز کریں، مری میں درجہ حرارت گرنے سے سڑکوں پر برف کی شیشے جیسی سخت تہہ بن سکتی ہے۔

ڈی پی او ضلع مری کے مطابق برف والی سڑک پر گاڑی کے بریک کام نہیں کرتی، رات کا سفر خطرناک ہو سکتا ہے، اندھیرے اور دھند میں برف ہٹانے والی مشینری کا کام کرنا انتہائی مشکل ہو جاتا ہے، ٹائروں پر ’’اسنوچین‘‘ کے بغیر کسی گاڑی کو مری میں داخلے کی اجازت نہیں ملے گی۔

اسی طرح، گزشتہ روز سے مری میں برفباری کا سلسلہ ابتک بھی جاری ہے۔مری میں گزشتہ چار روز سے آج تک 3 فٹ سے زائد برفباری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق برفباری کا یہ سلسلہ جاری رہیگا اور حکومت پنجاب کی جانب سے ضلعی انتظامیہ مری کو سیاحوں کےلئے تمام طرح انتظامات مکمل کرکے وہاں موجود سیاحوں کےلئے اچھے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔