اسلام آباد(اویس الحق سے)قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف محمود خان اچکزئی نے ترجمان تحریک تحفظ آئین پاکستان آخونزادہ حسین احمد کے ہمراہ سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری کی زیرِ نگرانی قائم کی جانے والی زیرِ تعمیر یونیورسٹی کا دورہ کیا۔ اس موقع پر انہیں یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات، تعلیمی منصوبوں اور مستقبل کے اہداف سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران محمود خان اچکزئی نے زیرِ تعمیر جامع مسجد کا بھی معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کے معیار، منصوبہ بندی اور حسنِ انتظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے علمی و دینی منصوبے معاشرے میں فکری بالیدگی، شعور اور اخلاقی اقدار کے فروغ میں نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے کہا کہ مجھے یہ دیکھ کر دلی مسرت ہوئی کہ سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اصولی سیاست کے ساتھ ساتھ ایک عظیم علمی و دینی مرکز کی بنیاد رکھ کر علم و آگہی کے فروغ کا عملی ثبوت دیا ہے۔ ایسے علماء اور رہنما معاشرے کے لیے مشعلِ راہ ہوتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ ادارہ نہ صرف دینی علوم بلکہ عصری تقاضوں سے ہم آہنگ تعلیم کے فروغ میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا اور آنے والی نسلوں کی فکری و اخلاقی تربیت میں معاون ثابت ہوگا۔