چکوال(نمائندہ پنڈی پوسٹ)ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال سے ملحقہ ہجویری مسجد روڈ پر قصابوں نے پانی کی نکاسی کے لیے بنائے گئے نالوں پر قبضہ کر کے نہ صرف پختہ کھوکھے تعمیر کر لیے بلکہ نالوں کو بند کر دیا، جس سے نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوگیا اور پانی لوگوں کے گھروں کے اندر داخل ہونا شروع ہو گیا۔ انتظامیہ خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے۔ ہجویری مسجد روڈ کے مکینوں نے اعلیٰ حکام کی توجہ مذکورہ روڈ پر بنائے گئے قصابوں کے کھوکھوں کی طرف دلوائی ہے کہ ڈی ایچ کیو ہسپتال سے ہجویری مسجد کی طرف موڑ کاٹتے ہی بائیں جانب متعدد قصابوں نے پانی کے مین نالے کے اوپر پختہ تجاوزات قائم کر لیں اور کھوکھے تعمیر کر لیے ہیں جبکہ نکاسی آب کے لیے بنائے گئے نالے بھی بند کر دئیے ہیں جس کی وجہ سے نکاسی آب کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے اور پانی لوگوں کے گھروں کے اندر داخل ہو رہا ہے۔ قصابوں کو متعدد بار صورتحال بہتر بنانے کی اپیل کی گئی مگر ان کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگی۔مذکورہ روڈ پر آبادی کے اندر جانے والی ٹریفک بھی بری طرح متاثر ہو رہی ہے کیونکہ ایک طرف قصابوں نے کھوکھے لگا کر راستہ بند کررکھا ہے جبکہ دوسری طرف ہسپتال کی دیوار کیساتھ بڑا نالہ موجود ہے۔اہلیان محلہ نے ڈپٹی کمشنر چکوال سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔اورکہا ہے کہ قصابوں کے کھوکھے نالوں کے اوپر سے ختم کروا کر پیچھے لگانے کی ہدایت کی جائے جبکہ نالے کوکھول کر نکاسی آب کا نظام بھی بحال کیا جائے۔
106