فیلڈ مارشل سے ترک چیف آف اسٹاف کی ملاقات.

راولپنڈی(اویس الحق سے)آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل عاصم منیر سے ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلجوق بیرقدار اوغلو نے ملاقات کی۔ فیلڈ مارشل نے ترک مسلح افواج کی جانب سے پاکستان کے لیے مسلسل تعاون اور حمایت کو سراہتے ہوئے دفاعی اور عسکری سطح پر تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر ترک کمانڈر کو مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، خطے اور عالمی سیکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ پاک ترکیہ کے دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید فروغ دینے کے امکانات پر بھی گفتگو ہوئی۔ دونوں جانب سے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی موجودہ مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا گیا اور قریبی رابطہ کاری کے تسلسل پر زور دیا گیا۔

فیلڈ مارشل نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مشترکہ تاریخ، باہمی اعتماد اور مضبوط عوامی روابط پر مبنی قرار دیا۔ جنرل سلچوق بایراکتاروغلو نے پرتپاک استقبال پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔ انہوں نے تربیت، مشترکہ فوجی مشقوں اور استعداد کار بڑھانے کے شعبوں میں دفاعی تعاون مزید گہرا کرنے کے ترکیہ کے عزم کا اعادہ کیا۔