145

طوبیٰ فاؤنڈیشن اور عقیل قریشی کا جذبہ

برطانوی شاعر، مترجم اور ڈرامہ نگار کرسٹوفر مورلے (Christopher Marlowe)نے کہا تھا کہ ”آپ جب بھی ایک کتاب لیتے ہو تو وہ صرف سیاہی اور گوند سے مزین بارہ اونس کے کاغذوں کا پلندہ نہیں ہوتا بلکہ آپ اس سے ایک نئی زندگی لے رہے ہوتے ہیں“ کتابوں کے محب ہر دور میں تاریخ ساز رہے اور ہر زمانہ ایسی شخصیات کی تابناک تاریخ سے درخشاں و تاباں ہے۔ بحمد اللہ تعالی خطہ پوٹھوہار جہاں دیگر علوم و فنون کا گہوارہ ہے

وہاں علم دوست شخصیات کا بھی مرکز ہے۔وہ شخصیات کہ جنہوں نے کتب بینی و شوق مطالعہ کے بام عروج پر متمکن ہو کر نسل نو کو کتابوں سے محبت کا درس دیا۔دور حاضر میں جو لوگ اخلاص کیساتھ خطہ پوٹھوہار کی ادبی خدمات سر انجام میں سرگرداں ہیں ان میں ایک نام محترم المقام جناب عقیل قریشی صاحب کا بھی ہے۔

آپ شب و روز کی محنت شاقہ سے طالبانِ علم و تشنگانِ حکمت کے لیے ایسا علمی ماحول ترتیب دینے میں کوشاں ہیں کہ جس کا اثر قوی امید ہے کہ صدیوں تک اپنے علمی و روحانی اثرات کو مرتب کرتا چلا جائے گا اور علمی و فکری گلستانوں کی بہار دائمی کا باعث ہو گا۔آپ نے گزشتہ سال طوبیٰ نامی(ڈیجیٹل) فانڈیشن کی بنیاد رکھی جس کا بنیادی مقصد دیگر کتب کیساتھ خطہ پوٹھوہار کے شعراء و مصنفین کے فن پاروں کو دسترخوان علم کی زینت بنانا ہے

تاکہ متلاشیان علم اپنے خطے کے مفکرین کی تحقیقات سے افادہ و استفادہ کر سکیں۔راقم الحروف زاتی طور پر اس کاوش پر بہت خوش ہوا کیونکہ ہمارے خطے میں اس جانب توجہ کا بہت فقدان ہے۔ طوبی فاؤنڈیشن دائم اقبال دائم مرد قلندر، سائیں احمد علی ایرانی‘جناب محراب خاور‘ حنیف حنفی‘ ماسٹر نثار مرتضوی، نوازش آتش اور صفدر حسین صفدر جیسی بلند پایہ شخصیات کے شعری مجموعہ جات کو منظر عام پہ لا چکی اور دن بدن جہد مسلسل کیساتھ مصروف عمل ہے۔

طوبی فاؤنڈیشن کے منشور کا اقتباس ملاحظہ کیجیے طوبیٰ فاؤنڈیشن کا مقصد اہل علم کی خدمت کرنا ہے اور ایسے طالب علم جو ایم فل پی ایچ ڈی یا کسی شعبہ جات میں سپیشلائزیشن کر رہے ہیں ان کی مدد کرنا ہے۔اس مقصد کے لئے طوبی فاؤنڈیشن نے ملک بھر کی تمام لائبریریز خواہ ذاتی ہوں یا نجی ہوں انکو ڈیجیٹل کرنے کا پروگرام رکھتی ہے۔سب سے پہلا مقصد لائبریریوں کی کھوج لگانا،ان میں موجود کتب کی فہرست اور تعارف پیش کرنا ہے اور نایاب مخطوطات کی سکیننگ،اور ایسی کتب جن کو سکین کرنے کی ضرورت ہے

انکو سکین کر کے پی ڈی ایف اور کنڈل فارمیٹ میں پیش کرنا ہے۔مذکورہ منشور پڑھنے کے بعد عرفان قریشی صاحب کا درد دل ایک حساس انسان کو جھنجھوڑنے کے لیے کافی ہے اللہ تعالیٰ آپ کو مزید استقامت کی دولت سے سرفراز فرمائے۔اس فاؤنڈیشن کے منشور میں راقم الحروف نے ”اپیل“ کے عنوان سے معنون چند سطور کا مطالعہ کیا تو اس بات کا شدت سے احساس ہو اکہ ہم ان امور خیر میں کس قدر پیچھے کھڑے ہیں بہرحال احساس والے انسان ہر دور میں خیر کے کاموں میں ’اظہر من الشمس‘دکھائی دیے اور دکھائی دیتے رہیں گے

۔منشور کا اقتباس ملاحظہ ہو۔آپ سے ہماری گزارش ہے کہ اس عظیم مقصد کی تکمیل کے لئے آپ طوبی فاؤنڈیشن سے خصوصی تعاون فرمائیں اس مقصد کے لئے آپ اپنے ارد گرد،تحصیل و ضلع لیول پر موجود لائبریریز کی کھوج لگائیں اور لائبریرین،منتظمین حضرات سے ہمارا رابطہ کروائیں۔کتابوں کی سکیننگ کے لئے خصوصی تعاون کیا جائے یہ تعاون آپ ہمارے ساتھ کسی بھی ممکنہ صورت میں کر سکتے ہیں آپ ہمیں کتابیں سکین کر کے دے سکتے ہیں یا سکین کروا کر دے سکتے ہیں۔آپ اپنی لائبریری میں موجود کتب کی فہرست بنا کر بھیج دیں

۔ اپنی لائبریری میں موجود کتب کے ٹائٹل بھیجیں۔کتابوں کی پی ڈی ایف یاکنڈل فارمیٹ بنانے میں ہماری مدد کریں۔طوبی فاؤنڈیشن پر بعض کتب خریداری کے لئے پیش کی جاتی ہیں اس کا مقصد اس مشن کی تکمیل(جو اوپر ہم بیان کر چکے ہیں)ہے اس ویب سائیٹ پر کافی زیادہ اخراجات بھی ہیں اس لئے آپ سے التماس ہے کہ آپ کتب کی خریداری کے لئے بھی طوبی شاپ کو ترجیح دیں اور ویب سائیٹ پر جو کتب خریداری کے لئے پیش کی گئی ہیں آپ طوبی شاپ ہی سے خریدیں۔نیز آپکو طوبی فاؤنڈیشن کی پیش کردہ کتابوں میں سے کوئی بھی کتاب پی ڈی ایف میں چاہیے تو آپ سکیننگ کے اخراجات دے کر پی ڈی ایف حاصل کر سکتے ہیں۔طوبی فاؤنڈیشن کے تحت صقارہ پبلک لائبریری قائم کی جا رہی ہے آپ صقارہ لائبریری کو کتابیں خرید کر دے سکتے ہیں یا لائبریری کے دیگر اخراجات میں تعاون کر سکتے ہیں۔اس ویب سائیٹ میں ڈومین اور ہوسٹنگ کے علاوہ مٹینیس اور دیگراخراجات پلگ ان وغیرہ کے بھی بھاری اخراجات ہوتے ہیں۔ آپ اس نیک کام میں حصہ لیکر اپنے لئے صدقہ جاریہ کا سامان کر سکتے ہیں۔

اس سلسلہ میں آپ وٹس ایپ پر مجھے سے رابطہ کر سکتے ہیںwww.toobaafoundation.com سے آپ کوئی بھی کتاب خرید سکتے ہیں بعض کتب با امر مجبوری ویب سائیٹ کے اخراجات پورے کرنے کے لئے پی ڈی ایف فارمیٹ میں یا کتابی شکل میں خریداری کے لئے پیش کی جاتی ہیں جو ہماری کوشش ہوتی ہے کہ انتہائی کم قیمت میں پیش کریں کتاب کی خریداری کے لئے درج ذیل نمبر پر رابطہ کریں رابطہ نمبر:03319110527/03345425788 عقیل قریشی صاحب اس فاؤنڈیشن کے معاونین میں عرفان اکبر صاحب کا با لخصوص زکر فرما رہے تھے

اللہ تعالیٰ عرفان اکبر صاحب کی عمر دراز کوہمارے لیے مزید استفادہ کا باعث بنائے اور ان کے علاوہ جنتے کردار اس کار خیرمیں کار فرما ہیں ان کو دارین کی بھلائیوں سے ہمکنار فرمائے۔الذیل علی الطبقاۃ الحنابلہ،ج:2، ص:251 یہ واقعہ مرقوم ہے کہ چھٹی صدی کے ایک معرو ف حنبلی عالم امام ابن الخشابؒ نے ایک دن ایک کتاب 500 درہم میں خریدی،قیمت ادا کرنے کیلئے کوئی چیز نہ تھی لہذا تین دن کی مہلت طلب کی اور مکان کی چھت پر کھڑے ہو کر مکان بیچنے کا اعلان کیا اور اس طرح اپنے شوق کی تکمیل کی“۔
زرا سوچیے کہ ہمارے اسلاف کے ذوق مطالعہ کا کیا عالم تھا؟اور صد افسوس کہ آج ہم دن بدن کتاب سے بہت دور ہوتے چلے جا رہے ہیں جو کہ جہالت کے فروغ کا باعث ہے۔

خدارا! کتب بینی کو اپنا معمول بنائیے اور ایسے اداروں کی جس قدر اور جیسے ہو سکے معاونت کیجیے جو ہمیں مختلف زرائع سے کتابوں کے ساتھ وابستہ رکھے ہوئے ہیں۔پیرزادہ عاشق کیرانوی کا کہا بجا کہ سُرورِ علم ہے کیفِ شراب سے بہتر
کتاب سے بہترکوئی رفیق نہیں ہے

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں