اسلام آباد (نمائندہ پنڈی پوسٹ)سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ نون کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی نے پارٹی عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں ہونے والی بات چیت میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ وہ نون لیگ کے ساتھ آخری دم تک رہیں گے لیکن اگر پارٹی نے ان کے ساتھ راہیں جدا کرلیں تو وہ گھر جانا پسند کریں گے۔جب اُن سے پوچھا گیا کہ کیا وہ دوسرے چوہدری نثار بننے جا رہے ہیں تو انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ میں حد سے زیادہ پر عزم سیاسی کارکن نہیں ہوں۔
چوہدری نثار نے 2018 میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں بچوں کے نیچے تو سیاست نہیں کرسکتا، ہر بندے کا اپنا وقار ہوتا ہے، اس میں تنقید کا کونسا پہلو ہے۔انہوں نے کہا تھا کہ مجھ سے سلیم صافی نے اپنے پروگرام میں سوال کیا کہ آپ میاں نواز شریف کےنیچے کام کرسکتے ہیں میں نے کہا، کر سکتا ہوں، پھر پوچھا گیا کہ شہباز شریف کے نیچے کام کرسکتے ہیں تو میں نے کہا کر سکتا ہوں۔چوہدری نثار نے کہا کہ یہ سوال پوچھا گیا کہ مریم نواز کے نیچےکام کرسکتے ہیں تو میں نے کہا نہیں کر سکتا۔ان کایہ بھی کہنا تھا کہ میں منافقت کی سیاست نہیں کرسکتا، مزاحمت کروں گا اور نہ ہی مریم کے ماتحت کام کروں گا۔
ادھر سابق وزیراعظم نوازشریف کے ترجمان اور (ن) لیگ کے سینئر رہنما محمد زبیر نے شاہد خاقان عباسی کے سینئر نائب صدر کے عہدے سے مستعفی ہونے کی تصدیق کردی۔لاہور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے محمد زبیر نے کہا کہ میری پوزیشن بہت کلیئر ہے، مفتاح اسماعیل پارٹی میں ہیں اور ڈار صاحب بہت سینئر ہیں، پارٹی کا گند پبلک میں ڈسکس کرنا نہیں چاہتا۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے سینئر نائب صدر کے عہدے سے استعفیٰ دیا ہے، وہ پارٹی کے ورکر ہیں اور بڑے رہنما ہیں، مجھے نہیں لگتا نائب صدر کا عہدہ چھوڑنے سے انہیں کوئی فرق پڑتا ہے۔انہوں نے کہا کہ شاہد خاقان نے بطور سینئر نائب صدر استعفیٰ دیا ہے جس کی تصدیق مریم اورنگزیب نے بھی کی ہے۔