سہوٹ بگیال میں زمین کے دیرینہ تنازع نے خونریز جھگڑے کی صورت اختیار کر لی۔ جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی

کلر سیداں (نمائندہ پنڈی پوسٹ) کلرسیداں کے شرقی علاقے سہوٹ بگیال میں زمین کے دیرینہ تنازع نے خونریز جھگڑے کی صورت اختیار کر لی۔ فریقین نے ایک دوسرے پر کلہاڑیوں، پتھروں اور لاٹھیوں سے حملہ کر دیا جس کے نتیجے میں خاتون سمیت تین افراد شدید زخمی ہو گئے۔

ذرائع کے مطابق بہن بھائیوں کے درمیان زمین کا تنازع طویل عرصے سے چلا آ رہا تھا جو اتوار کے روز شدت اختیار کر گیا۔ جھگڑے کے دوران مردوں کے ساتھ خواتین اور بچے بھی میدان میں آ گئے۔ تصادم کے نتیجے میں راشد محمود، صبحہ خاتون اور بشارت علی شدید زخمی ہو گئے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی اور انہیں ٹی ایچ کیو ہسپتال کلر سیداں منتقل کیا، جہاں سے صبحہ خاتون کو تشویشناک حالت کے باعث راولپنڈی ہسپتال ریفر کر دیا گیا۔پولیس کے مطابق واقعہ کی تحقیقات اے ایس آئی نشاط امجد کی زیر نگرانی جاری ہیں۔