عید کے بعد بھی سون ویلی خوشاب اور کلرکہار میں ملکی سیاحوں کا رش دیکھنے میں آرہا ہے جوکہ ملک کے مختلف صوبوں اور شہروں سے یہاں خوشگوار موسم کا لطف اٹھانے پہنچ رہے ہیں جبکہ ان سیاحوں کا سوفیصد ان وادیوں میں عید کے دنوں میں ہی جاتے ہیں۔اس موقع پر منیجر ٹی ڈی سی پی کلر کہار/سون ویلی خوشاب محسن فضل نے سیاحوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کے ہم نے یہاں سیاحوں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ سیاح اپنی چھٹیوں کو اچھی طرح انجوائے کر سکیں۔ یہ وادی کلرکہار سے شروع ہوتی ہے اور یہاں آنے والے زیادہ تر سیاح اپنے دورے کی شروعات پہاڑ کی چوٹی پر واقع ’آہو باہو‘ یا ’موروں والی سرکار‘کے مزار سے کرتے ہیں جہاں شیخ عبدالقادر جیلانی کے دونوں پوتوں کی قبریں موجود ہیں۔
خوشاب شہر میں مختلف ہوٹل مالکان اور ٹیکسی ڈرائیوروں کا کہنا ہے کہ اس سال عید کے موقع پر آنے والے سیاحوں کی تعداد پچھلے کئی سالوں کے مقابلے میں کہیں زیادہ ہے اور انہوں نے یہ بات بھی خصوصی طور پر نوٹ کی ہے کہ ان سیاحوں میں سے 80فیصد سے ذیادہ کے پاس موٹر کار، جیپ یا موٹر سائیکل کی شکل میں اپنی ٹرانسپورٹ کا انتظام موجود ہے جبکہ اچھی خاصی تعداد کے پاس کیمپنگ کے سامان بھی دیکھے گئے ہیں۔ عید الفطر کے بعد وقفے وقفے سے بارش کی وجہ سے موسم میں خوشگوار تبدیلی آنے کی وجہ سے سیاح بہت ہی لطف اندوز ہورہے ہیں اور علاقے کی خوبصورتی کی تعریف کرتے ہوئے سنے جارہے ہیں۔
حکومتِ پاکستان نے سیاحت کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کیے ہیں اور آج بھی اس میدان میں بہت محنت کر رہی ہے اور اِس ضمن میں پنجاب حکومت اور اس کے سیاحتی ادارے ٹورزم ڈویلپمنٹ کارپوریشن پنجاب کا کردار بھی نہایت اہم اور قابلِ داد ہے۔جس کی کوششوں سے سیاحوں کو ان مقامات پر سہولیات میسر ہیں اور سیاح یہاں کا رخ کر رہے ہیں۔
منیجر ٹی ڈی سی پی کلر کہار/سون ویلی خوشاب محسن فضل نے کہا ہے کہ وادی سون میں ترقی کا نیا دور شروع ہو چکا ہے۔ سون ویلی ٹورازم پراجیکٹ کی تکمیل سے وادی سون میں سیاحوں کی آمد کے بعد نہ صرف علاقے بلکہ ملکی معیشت پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پنجاب حکومت کی جانب سے سون ویلی ضلع خوشاب کے مکینوں کیلئے ایک خوبصورت تحفہ ہے۔ علاقے میں سیا حت کو فروغ دینے کے لئے متعدد منصوبوں پر کام تیزی کے ساتھ جاری ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ قدرتی ماحول اور معتدل آب و ہوا کے حوالے سے وادی سون کسی بھی لحاظ سے مری و کاغان سے کم نہیں۔ سیکرٹری ٹورزم اور ایم ڈی نے سون ویلی ٹورازم پراجیکٹ پر کام کی رفتار تیز کرنے اور سیاحوں کو زیادہ سہولیات مہیا کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے-
یہا ں آنے والے سیاح ٹی ڈی سی پی ریسارٹس میں بوٹنگ کی سہولت کو بہت پسند کیا اور اس سے خوب لطف اندوز ہوئے