سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کا چار روزہ دورہ لاہور و کرتارپور

آزاد کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کے صحافیوں کا نمائندہ اور قدیمی صحافتی ادارہ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد ہمیشہ سے ریاستی، قومی اور بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے، آزاد کشمیر اور پاکستان کے عوام کے درمیان رشتوں کو مضبوط بنانے اور صحافتی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں نبھانے میں پیش پیش رہا ہے۔ موجودہ انتظامیہ نے صدر سجاد قیوم میر کی قیادت میں جذبہ خیرسگالی کو فروغ دیتے ہوئے یہ عملی پیغام دیا ہے کہ پاکستان اور کشمیر ایک دوسرے کے لیے لازم و ملزوم ہیں۔

بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں، اظہارِ رائے پر پابندیاں، شہری آزادیوں کا سلب کیا جانا اور لاکھوں بھارتی فوج کے ذریعے ریاستی جبر ایک ناقابلِ تردید حقیقت ہے۔ اس کے برعکس آزاد کشمیر اور پاکستان کے حوالے سے بھارتی میڈیا کا منفی پروپیگنڈا بے بنیاد ہے، جسے زمینی حقائق، کشمیری عوام کی پاکستان سے وابستگی اور ترقیاتی منصوبے بارہا جھٹلا چکے ہیں۔اسی پس منظر میں سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کی انتظامیہ نے یہ ضرورت محسوس کی کہ پاکستان کے مختلف صوبائی دارالحکومتوں میں صحافیوں، سیاسی قیادت اور سول سوسائٹی سے براہِ راست روابط قائم کیے جائیں تاکہ کشمیری عوام کے جذبات، موقف اور پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا جا سکے۔ اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں خیبرپختونخوا جبکہ دوسرے مرحلے میں 15 سے 18 دسمبر تک پنجاب کے دارالحکومت لاہور کا چار روزہ دورہ کیا گیا۔

لاہور آمد اور شاندار استقبالسنٹرل پریس کلب مظفرآباد کا 24 رکنی وفد، قائم مقام صدر نصیر انور کی قیادت میں، پیر کی شب رات دس بجے لاہور پہنچا۔ شملہ پہاڑی کے مقام پر مقامی ہوٹل میں پنجاب حکومت اور لاہور کے سینئر صحافیوں کی جانب سے وفد کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ عامر سہیل، محسن ترک، رانا خلیل ضمیر اور ہوٹل مینجمنٹ نے پھولوں کے گلدستے پیش کر کے وفد کو خوش آمدید کہا۔

پنجاب اسمبلی کا دورہدورے کے دوسرے روز وفد نے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی دعوت پر پنجاب اسمبلی کا تفصیلی دورہ کیا۔ اسمبلی پہنچنے پر میڈیا ڈائریکٹر راو ماجد اور ان کے اسٹاف نے مرکزی گیٹ پر وفد کا شاندار استقبال کیا۔ وفد کو اسمبلی کے کانفرنس روم میں بریفنگ دی گئی اور قیامِ پاکستان سے قبل تعمیر ہونے والی تاریخی عمارت کے ساتھ ساتھ جدید طرز پر تعمیر شدہ نئی اسمبلی عمارت کا بھی دورہ کروایا گیا۔اس موقع پر پنجاب کی پارلیمانی روایت، آئین سازی کے عمل، ثقافت اور جمہوری اقدار پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی اور کشمیر و پنجاب کے عوام کے درمیان رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

بعد ازاں وفد کی اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ملاقات ہوئی، جنہوں نے آزاد کشمیر کے صحافیوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے ان کے کردار کو سراہا۔ سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کی جانب سے اسپیکر پنجاب اسمبلی کو یادگاری شیلڈ بھی پیش کی گئی۔
پنجاب انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ اور صوبائی وزیر اطلاعات سے ملاقات پنجاب اسمبلی کے دورے کے بعد وفد نے پنجاب انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کا دورہ کیا، جہاں ڈی جی پی آر پنجاب نے اسٹاف کے ہمراہ وفد کا استقبال کیا۔ بعد ازاں صوبائی وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ملاقات میں حکومتِ پنجاب اور آزاد کشمیر کے صحافتی اداروں کے درمیان روابط مضبوط بنانے، کشمیری صحافیوں کو درپیش مسائل، میڈیا سہولیات کی کمی اور مسئلہ کشمیر پر مشترکہ بیانیے کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔

صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہا کہ کشمیر پاکستان کے دل میں بستا ہے اور بھارتی ریاستی جبر کے باوجود کشمیری عوام آج بھی پاکستان سے الحاق کے لیے پرعزم ہیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ پنجاب حکومت اور پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں جاری ترقیاتی منصوبوں، بالخصوص ستھرا پنجاب پروگرام پر بھی روشنی ڈالی اور کہا کہ یہ منصوبہ جدید ٹیکنالوجی اور شفاف نظام کی بدولت عالمی سطح پر ایک کامیاب ماڈل کے طور پر ابھر رہا ہے۔سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کی جانب سے صوبائی وزیر اطلاعات کو یادگاری شیلڈ پیش کی گئی جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر حکومتِ پنجاب کی طرف سے سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے لیے خصوصی تحفہ بھی دیا گیا، جسے صحافتی برادری کے درمیان خیرسگالی اور تعاون کی علامت قرار دیا گیا۔

ستھرا پنجاب پروگرام پر بریفنگ وفد نے لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب کا بھی دورہ کیا جہاں اسپیشل سیکرٹری ڈویلپمنٹ آسیہ گل اور ڈی جی ستھرا پنجاب اتھارٹی بابر صاحب دین نے جامع بریفنگ دی۔ بتایا گیا کہ ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صوبے بھر میں روزانہ پچاس ہزار ٹن ویسٹ اکٹھا کیا جا رہا ہے، ڈور ٹو ڈور کلیکشن، ڈیجیٹل مانیٹرنگ، GPS فلیٹ ٹریکنگ اور ویسٹ ٹو انرجی منصوبوں پر کام جاری ہے، جسے عالمی اداروں نے بھی سراہا ہے۔وفد نے اس پروگرام کو شفاف، مؤثر اور جدید طرزِ حکمرانی کی بہترین مثال قرار دیا۔

دیگر مصروفیات اور اختتامدورے کے دوران لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین کی جانب سے روایتی ناشتہ، لاہور پریس کلب کی جانب سے عشائیہ اور مختلف اداروں سے ملاقاتیں بھی شامل تھیں۔ وفد نے کرتارپور صاحب کا دورہ کر کے بین المذاہب ہم آہنگی اور امن کے پیغام کو بھی اجاگر کیا۔چار روزہ دورے کے اختتام پر سنٹرل پریس کلب مظفرآباد کے وفد نے اس دورے کو انتہائی مفید، معلوماتی اور کامیاب قرار دیتے ہوئے پنجاب حکومت، محکمہ اطلاعات، ڈی جی پی آر، لاہور کے صحافیوں اور تمام میزبان اداروں کا شکریہ ادا کیا۔وفد کا کہنا تھا کہ ایسے مطالعاتی و رابطہ جاتی دورے نہ صرف صحافتی صلاحیتوں میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ قومی یکجہتی، بین الصوبائی ہم آہنگی اور مسئلہ کشمیر کے مؤثر ابلاغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔

تحریر: سرفراز میر