128

سرور شہید نشان حیدر کالج کا بلاک 2سال بعد بھی نہ بن سکا

گوجرخان‘منتخب ایم پی اے کی نااہلی یا عدم دلچسپی، دو سال گزر گئے گورنمنٹ سرور شہید نشان حیدر کالج کا تعلیمی بلاک تعمیر نہ ہوسکا، ہزاروں طلباء کا مستقبل خطرے میں پڑ ا ہوا ہے،روزنامہ میٹروواچ کے آواز اٹھانے پر ڈیڑھ سال قبل ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر نے بیان دیا تھا کہ جلد تعمیر کاآغاز ہو جائے گا جو صرف بیان ہی رہا،مالی سال 2020؁ء میں کالج کے بلاک کی تعمیر کیلئے فنڈز کی منظوری لی گئی، اس کے بعد کرونا وائرس کے باعث تعمیر کے فنڈز روک لئے گئے،گزشتہ مالی سال 2021؁ء میں دوبارہ فنڈز کی منظوری و اجراء کے اعلانات کئے گئے، گوجرخان کا واحد تعلیمی ادارہ جو پاکستان کے پہلے نشان حیدر کیپٹن سرور شہید کے نام پر بنایا گیا تھا،چھ کروڑ کی خطیر رقم سے بننے والی بلڈنگ التوا کا شکار،والدین اور طلباء پریشان، تفصیلات کے مطابق دھرتی کے عظیم سپوت کیپٹن سرور شہیدکے نام پر بننے والا لاکھوں آبادی کا واحد گورنمنٹ سرور شہید نشان حیدر ڈگری کالج تبدیلی سرکار کی حکومت اور منتخب ایم پی اے چوہدری جاوید کوثر کی بے مثال تعلیم دوستی اور عدم توجہی کا شکار ہوگیاکالج کی بلڈنگ خطرناک قرار دیے جانے کے بعد خالی کر دی گئی تھی، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے کالج عمارت کی تعمیر کیلئے چھ کروڑ روپے کی منظوری دی، جس کے بعد کالج کی خستہ حال بلڈنگ کو گرا کر نئی عمارت کی از سرنو تعمیر شروع کر دی گئی،نئی عمارت کا ابھی کام شروع ہی ہوا تھا کہ کرونا وائرس کی وجہ سے حکومت پنجاب نے چھ کروڑ روپے کی منظور کی ہوئی گرانٹ واپس لے لی، یوں اس طرح تحصیل گوجرخان کی واحد تعلیمی درسگاہ جو پہلے ہی خستہ حالی کا شکار تھی بنتے بنتے رہ گئی

ممبر صوبائی اسمبلی چوہدری جاوید کوثر

مالی سال 2021؁ء میں بھی فنڈز کی منظوری و اجراء کے اعلانات کئے گئے مگر اپریل ختم ہو چلا ابھی تک اس کی تعمیر کیلئے ایک اینٹ بھی نہ رکھی جا سکی، کالج میں طلباء کو بٹھانے کی جگہ نہیں، غریب والدین اپنے بچوں کو بادل نخواستہ پرائیویٹ کالجز میں داخل کرانے پر مجبور ہیں، والدین کا کہنا ہے کہ تبدیلی حکومت کی علم دوستی کا خمیازہ عوام بھگت رہی ہے، تبدیلی سرکار کی حکومت میں ان کے وزیروں نے بیان بازیوں سے بڑھ کر کچھ نہیں کیا، منتخب تحریک انصاف رکن اسمبلی بھی نااہل ثابت ہوئے جو دو سال بعد بھی صرف چھ کروڑ کی منظور شدہ رقم جاری نہیں کراسکے،سرور شہید نشان حیدر کالج میں پہلے ہی طلباء کی تعداد تقریبا 800 کے قریب ہے، اس مہنگائی کے دور میں والدین اپنے بچوں کو پرائیویٹ کالجز میں پڑھانے سے قاصر ہیں،شہریوں نے سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف سے مطالبہ کیا ہے کہ اپنی سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سرور شہید نشان حیدر ڈگری کالج کے بلاک کی تعمیر کیلئے فنڈز کا اجراء کرایا جائے اور اس کی جلد تعمیر کیلئے کوشش کی جائے۔

خبر پر اظہار رائے کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں