سابق وزیر اعظم عمران خان کی ضمانت منظور ہونے کے بعد جیل سے سیدھا الشفا اسپتال لے کر جائیں گے، علیمہ خان

اسلام آباد(اویس الحق سے)‎علیمہ خان نے بانی پی ٹی آئی کا علاج الشفا اسپتال میں ذاتی معالج کی زیر نگرانی کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی گرفتاری کا خدشہ ظاہر کردیا۔

انسداد دہشت گردی کی عدالت میں پیشی کے بعد ‎علیمہ خان نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی تب ممکن جب جسٹس سرفراز ڈوگر کیسز کی سماعت کریں، جب ضمانتیں ملیں گی تو اسی وقت عمران خان کو جیل سے سیدھا الشفاء اسپتال لے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس آپ کیسز سنیں، کیس سماعت کے لیے مقرر ہوا جج چھٹی پر چلے گئے یہ ناانصافی ہے۔ بانی پی ٹی آئی کی رہائی ہوتے ہی انکی آنکھ کا الشفاء ہسپتال سے علاج کروایا جائے گا۔

علیمہ خان کا کہنا تھا کے آنکھ ایک دن میں خراب نہیں ہوئی اس کا مرکزی ذمہ دار سابق سپرنٹنڈنٹ جیل اڈیالہ غفور انجم ہے اس کے خلاف مجرمانہ غفلت و کرائم دفعات تک مقدمہ دائر کرنے جارہے ہیں جس کے لیے وکلا کو ہدایت کردی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو تماشہ خان صاحب کے ساتھ کیا انکو شرم آنی چاہیے، فیملی اور ذاتی معالج کی غیر موجودگی میں بانی پی ٹی آئی کا معائنہ کیا گیا، میری بہن جب آخری دفعہ عمران خان سے ملیں انکو خان صاحب کا یہی پیغام تھا یہ مجھے ختم کر دینگے۔