راولپنڈی: نشے کے عادی بھائی نے بہن اور بھانجیوں کو گھر سے نکال دیا، ساری رات پارک میں بے یارومددگار پڑی رہیں

راولپنڈی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر گزشتہ رات ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں نشے کے عادی شخص نے اپنی بہن اور دو کم سن بھانجیوں کو شدید مار پیٹ کے بعد گھر سے نکال دیا۔

متاثرہ خواتین نے پوری رات قریبی پارک میں کھلے آسمان تلے گزاری مگر نہ پولیس پہنچی، نہ کوئی حکومتی ادارہ حرکت میں آیا۔واقعہ شاہ پور سٹاپ، سفائر ولاز، گلی نمبر 10، نزد گڈ لک بیکرز میں پیش آیا، جو چوکی اڈیالہ پولیس اسٹیشن کی حدود میں آتا ہے۔ متاثرہ خاتون کے مطابق، اس نے مدد کے لیے پولیس ہیلپ لائن پر متعدد بار کال کی،

لیکن کوئی مدد نہ مل سکی۔خاتون کی دو بیٹیوں کی عمریں تقریباً 14.5 اور 12 سال ہیں۔ اہلِ علاقہ کے مطابق، خواتین کو ساری رات پارک میں بیٹھا دیکھا گیا، مگر کوئی سرکاری اہلکار یا سماجی ادارہ ان کی مدد کو نہ آیا۔یہ واقعہ ایک بار پھر خواتین کے تحفظ اور پولیس کی کارکردگی پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے دعوؤں کے برعکس، خواتین کے خلاف تشدد اور ریاستی اداروں کی عدم فعالیت کا یہ واقعہ پنجاب حکومت کی کارکردگی پر ایک دھبہ ہے۔سی پی او راولپنڈی خالد ہمدانی اور آر پی او بابر سرفراز الپاؤ اس واقعے کا فوری نوٹس لیں۔ متاثرہ خواتین کو فوری طور پر تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے۔ متعلقہ پولیس افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کی جائے۔

یہ واقعہ نہ صرف پولیس کی لاپرواہی کا آئینہ دار ہے بلکہ معاشرتی بے حسی کا بھی غماز ہے، جہاں ایک ماں اور اس کی بیٹیوں کو ایک رات پارک میں بے بسی کے عالم میں گزارنی پڑی ۔