راولپنڈی(نیٹ نیوز) اے این ایف نے تھانہ صدر بیرونی کے علاقے اڈیالہ روڈ پر چھاپہ مارکر دو پولیس اہلکاروں سے منشیات برآمد کرکے انہیں گرفتار کرلیااے این ایف حکام کے مطابق دو پولیس اہلکاروں علی رضا اور جاوید اقبال کو اڈیالہ روڈ پر چھاپہ مارکر انکی تحویل سے تقریبا بارہ کلو گرام چرس برآمد کرکے دنوں ملزمان کو مزید تحقیقات کے لیے تھانہ اے این ایف منتقل کردیا ۔سی پی او راولپنڈی احسن نے معاملے کا سخت نوٹس لیا اور تھانہ سول لائن میں تعینات اہلکار علی رضا جو چرچ سیکورٹی ڈیوٹی سے غیر حاضر تھا، اسے معطل کرکے چارج شیٹ جاری کردی جبکہ کانسٹیبل جاوید اقبال جو محکمانہ کورس کے لیے پولیس ٹرینگ اسکول روات میں زیر تربیت ہے اس کے خلاف محکمانہ کارروائی کے لئے متعلقہ حکام کو مراسلہ ارسال کردیا ہے ۔سی پی او احسن یونس کا کہنا تھا کہ دونوں اہلکاروں کے خلاف سخت، محکمانہ کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا، منشیات کے خلاف جنگ میں ہمارے شہداء اپنی قیمتی جانیں قربان کر رہے ہیں، ایسی صورتحال میں ان اہلکاروں کاشرمناک فعل قابل برداشت نہیں ، جرائم میں ملوث یا پشت پناہی کرنے والے افسران یا اہلکاروں کی محکمہ میں کوئی جگہ نہیں۔
82